چنئی، 21 اپریل (یو این آئی): چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو منگل کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب آیوش مہاترے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث آئی پی ایل 2026 کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے۔ سی ایس کے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 18 سالہ کھلاڑی کو اپنی انجری سے نجات پانے کے لیے 6 سے 12 ہفتوں کے بحالی (ری ہیبلی ٹیشن) کے وقفے کی ضرورت ہوگی، جس کی وجہ سے وہ اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
18 اپریل کو حیدرآباد میں سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے خلاف بلے بازی کے دوران دوسرا رن لینے کی کوشش میں اس نوجوان کھلاڑی کے بائیں ہیمسٹرنگ میں کھچاؤ دیکھا گیا تھا۔ آؤٹ ہونے سے پہلے انہیں میدان پر طبی امداد کی ضرورت پڑی اور واپس جاتے وقت رام کرشن گھوش اور فزیو ٹامی سمسیک نے انہیں میدان سے باہر جانے میں مدد کی۔ بعد ازاں پیر کو بلے باز کا اسکین کیا گیا تاکہ ان کی چوٹ کی سنگینی کا پتہ لگایا جا سکے۔
آیوش مہاترے کی عدم موجودگی سی ایس کے کے لیے بڑا نقصان ثابت ہوگی کیونکہ پانچ بار کی چیمپئن ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ میں اپنی لے حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اپنے پہلے تین میچ ہارنے کے بعد، سی ایس کے نے اگلے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن حال ہی میں حیدرآباد کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مہاترے اب تک 177.87 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے ہیں۔سی ایس کے کو چند روز قبل ہی ایک اور جھٹکا لگا تھا جب فاسٹ بولر خلیل احمد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔