دبئی، 21 اپریل (یو این آئی) آئی سی سی ویمنز ٹی20 رینکنگ میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی کھلاڑیوں نے نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔
ہندوستان کی اوپنر شیفالی ورما نے ڈربن میں دوسرے ٹی20 میں 38 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں دو درجے ترقی کرتے ہوئے چھٹا مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے دو چھکے اور چار چوکے لگائے، تاہم ان کی یہ اننگز ٹیم کو فتح دلانے کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکی تھی اور جنوبی افریقہ نے میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
میزبان ٹیم پہلے میچ میں چھ وکٹوں کی کامیابی کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر چکی ہے، جبکہ آئندہ میچز ڈربن سے جوہانسبرگ منتقل ہوں گے۔شیفالی کی ترقی کے باعث ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز ایک درجہ اوپر آ کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ ہندوستان کی کپتان ہرمن پریت کور نے پہلے میچ میں 33 گیندوں پر ناٹ آوٹ 47 رنز بنائے، جس کے بعد وہ دو درجے ترقی کے ساتھ مشترکہ طور پر 11ویں مقام پر آ گئی ہیں۔جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ سیریز میں اب تک 105 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں اور بیٹنگ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔ ان کی ساتھی اینری ڈرکسن 18 درجے ترقی کے ساتھ 33ویں جبکہ سونے لوس 43ویں سے 35ویں مقام پر پہنچ گئی ہیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین ریٹنگ (508 پوائنٹس) ہے۔آل راؤنڈر کلوئی ٹرائیون نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹی20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں چار درجے ترقی کر کے مشترکہ 11واں مقام حاصل کیا۔ وہ بیٹنگ میں 59ویں اور بولنگ میں 38ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔بائیں ہاتھ کی اسپنر نونکولولیکو ملابا بولنگ رینکنگ میں مشترکہ چھٹے نمبر پر آ گئی ہیں۔ اسی طرح ایابونگا کھاکا آٹھ درجے ترقی کے ساتھ 25ویں اور تمی سیکھوکھونے 23 درجے ترقی کر کے 55ویں مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ادھر ون ڈے رینکنگ میں بنگلہ دیش کی شرمین اختر نے 127 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف تاریخی فتح دلائی، جس کے بعد وہ بیٹنگ رینکنگ میں سات درجے ترقی کر کے 22ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
اور 582 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اپنا بہترین اسکور حاصل کیا ہے۔









