بھوپال:21؍اپریل:سنت شرومنی رویداس گلوبل اسکل پارک میں مدھیہ پردیش کے اسکل ڈیولپمنٹ ماڈل کی وسیع اور مؤثر پیشکش اس وقت دیکھنے کو ملی، جب فلپائن کی ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے 24 رکنی اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد نے ادارے کا تفصیلی دورہ کیا اور اس کی کارکردگی، تربیتی نظام اور صنعت پر مبنی نقط نظر کو گہرائی سے سمجھا۔ یہ دورہ ریاست میں ترقی پذیر اسکل نظام کی عالمی سطح پر قبولیت اور بڑھتی ہوئی ساکھ کا واضح اشارہ بنا۔وزیر مملکت اسکل ڈیولپمنٹ اور روزگار (آزادانہ چارج) مسٹر گوتم ٹیٹوال نے کہا کہ ریاستی حکومت کا ہدف نوجوانوں کو ایسی جدید اور روزگار پر مبنی مہارتوں سے جوڑنا ہے، جس سے وہ براہِ راست روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنت شرومنی رویداس گلوبل اسکل پارک ملک کا پہلا مکمل طور پر فعال کثیر المہارت تربیتی مرکز ہے، جو بین الاقوامی معیارات کے مطابق تربیت فراہم کر رہا ہے۔ وزیر مسٹر گوتم ٹیٹوال اور وفد کے درمیان یادگاری نشانات کا تبادلہ ہوا۔مسٹر گوتم ٹیٹوال نے کہا کہ یہ ادارہ آج ایشیا کی سطح پر اپنی منفرد شناخت بنا رہا ہے اور مختلف ممالک کے نمائندے یہاں آ کر اس کی کارکردگی کو سمجھ رہے ہیں اور اپنے ممالک میں اس طرح کے ادارے قائم کرنے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں تربیت یافتہ نوجوان ملک اور بیرون ممالک میں روزگار حاصل کر رہے ہیں، جو اس ماڈل کی مؤثریت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت 1200 گنجائش والے ہوسٹل کی سہولت دستیاب ہے اور بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے اسی گنجائش کے نئے ہوسٹل کی توسیع کی جا رہی ہے۔
پروگرام کا آغاز سنت شرومنی رویداس جی کے مجسمے پر پھول نذر کرکے ہوا، جس کے بعدنمائندہ وفد اور ادارے کے کورس ہیڈ اور پرنسپل ہیڈ نے ایک دوسرے کو عہدے اور کردار کا تعارف کرایا۔ سی ای او مسٹر گیریش شرما نے ادارے کی فراہمیوںاور ڈھانچے کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ نمائندہ وفد کو آڈیو ویزول کے ذریعہ ادارے کی ترقیاتی سفر اور فراہمیوںسے واقف کروایاگیا۔نمائندہ وفد نے مرکزی احاطہ اور سٹی احاطہ کی مختلف جدید ترین لیبالیٹریوں ، آڈیٹوریم، میڈیا روم، لائبریری اور لائف اسکل کلب کا دورہ کیا۔ نمائندوں نے لائیو مظاہرے دیکھے اور طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے تربیت کی عملی نوعیت اور معیار کی تعریف کی۔اس دوران کیریئر گائیڈنس سیل کا افتتاح کیا گیا۔ ساتھ ہی لیڈرشپ ماسٹر کلاس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو سرٹیفکیٹ اور حوصلہ افزائی واؤچر دے کر نوازا گیا۔ اسی سلسلے میں انکیت پرجاپتی کو انڈیا اسکلز مقابلہ 2025-26میں بہترین کارکردگی پر خاص طور سے اعزاز سے نوازہ گیا ۔ نمائندہ وفد نے سٹی احاطہ میں پریسیزن انجینئرنگ سے متعلق سی این سی اور روایتی لیبالیٹریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ہب اور اسپوک ماڈل کے تحت مختلف صنعتی تربیتی اداروں نے پیشکش دی، جس میں غیر مرکزی تربیتی نظام کو مقامی صنعتوں کی ضروریات کے مطابق چلانے کی معلومات شیئر کی گئیں۔
مکالمہ سیشن میں تربیتی عمل، نصاب کا خاکہ، صنعت کی شمولیت اور پلیسمنٹ کے انتظامات پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر گیریش شرما نے آئندہ متبادل کورسز کی معلومات شیئر کیں، جبکہ نمائندہ وفد نے بھی اپنا کوالیفیکیشن فریم ورک پیش کیا، جس سے دونوں فریقوں کے درمیان علم اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر جدید نیٹ ورکنگ اور سسٹم ایڈمنسٹریشن کورس کے تحت سسکو نیٹ ورکنگ اکیڈمی کا افتتاح کیا گیا، جو عالمی سطح کی تربیتی سہولیات کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔کوشابھاؤ ٹھاکرے انٹرنیشنل آڈیٹوریم میں منعقدہ ظہرانہ کے دوران وفد اور حکام کے درمیان بامعنی گفتگو ہوئی۔ پروگرام کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد کیا گیا، جس میں وفد نے ادارے کی کارکردگی کو تفصیل سے سمجھا اور خاص دلچسپی ظاہر کی۔
پروگرام کے آخر میں وفد کی جانب سے شجرکاری کی گئی، جو تعاون اور پائیدار ترقی کے عزم کی علامت ہے۔ اس موقع پر تکنیکی تعلیم، مہارت کی ترقی اور روزگار کے محکمے کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر منیش سنگھ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ نمائندہ وفد میں تکنیکی تعلیم اور اسکل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر مسٹر گلبرٹ ایم کاسٹرو، مسٹر اسٹیفن آئی سیزر، ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک کے شعبہ تعلیم کی پرنسپل پروجیکٹ آفیسر شریمتی پونم شرما بھامبری اور آئی پی ای گلوبل کے اراکین سمیت دیگر نمائندگان شامل تھے۔









