ممبئی، 9 جون (یو این آئی) ممبئی کے تاریخی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں جاری ‘نوواما پرائیویٹ T20 ممبئی لیگ 2026’ کے ایک اہم میچ میں سرفراز خان کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم آکاش ٹائیگرز ممبئی ویسٹرن سب اربس نے بہترین آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شریاس ائیر کی ٹیم سوہو ممبئی فالکنز کو 66 رنز کے بڑے مارجن سے دھول چٹا دی۔ٹائیگرز نے جئے بسٹا اور اجیت یادو کی طوفانی نصف سنچریوں کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے 227 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔ جواب میں فالکنز کی پوری ٹیم ششانک اٹارڈے اور شمس ملانی کی اسپن بولنگ کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 17.5 اوورز میں محض 161 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
228 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں فالکنز کو اوپنر ایشان مولچندانی (15 گیندوں پر 40 رنز) نے انتہائی جارحانہ آغاز فراہم کیا، لیکن تیسرے اوور میں آدتیہ تارے (1 رن) کے آؤٹ ہوتے ہی میچ کا نقشہ بدل گیا۔فالکنز کی اننگز لڑکھڑا گئی اور محض 46 رنز کے اندر ان کے 4 اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ آف اسپنر ششانک اٹارڈے (33 رنز دے کر 4 وکٹیں) اور لیفٹ آرم اسپنر شمس ملانی (47 رنز دے کر 3 وکٹیں) نے اپنی گھومتی ہوئی گیندوں پر فالکنز کے مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ اٹارڈے نے ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان شریاس ائیر کو بھی صرف 10 رنز پر آؤٹ کر کے فالکنز کی کمر توڑ دی۔ ہرش اگھاؤ نے 43 رنز بنا کر اکیلے جدوجہد کی مگر دوسری طرف سے کوئی ساتھ نہ ملنے کے باعث ٹیم میچ ہار گئی۔
اس سے قبل، ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔ اوپنر جئے بسٹا (57 رنز) اور کپتان سرفراز خان (31 رنز) نے محض 3 اوورز میں 50 رنز بنا کر فالکنز کے بولرز پر دباؤ ڈال دیا۔ سرفراز خان نے اپنی مختصر اننگز میں 6 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔
سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد جئے بسٹا نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار ففٹی بنائی۔ مڈل آرڈر میں ورون لوانڈے (35 رنز) اور اجیت یادو نے چوتھی وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 227 تک پہنچایا۔ اجیت نے محض 35 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔