لندن:13؍جولائی: عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی جینک سنر نے ومبلڈن 2026 کے مردوں کے سنگلز کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ 24 سالہ سنر مسلسل دوسری مرتبہ ومبلڈن چیمپئن بن گئے۔ وہ اوپن ایرا میں ومبلڈن مردوں کے سنگلز کا ٹائٹل مسلسل دوسری بار جیتنے والے تاریخ کے صرف دسویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔24 سالہ سنر نے پہلی بار ومبلڈن کا فائنل کھیلنے والے جرمنی کے الیگزینڈر زویریف کو 6-7(7)، 7-6(2)، 6-3، 6-4 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ٹرافی اپنے نام کی۔ یہ مقابلہ 3 گھنٹے 46 منٹ تک جاری رہا۔ اس فتح کے ساتھ ہی سنر نے اپنے کیریئر میں گرینڈ سلیم مقابلوں کی 100ویں کامیابی بھی حاصل کر لی۔چیمپئن بننے پر سنر کو 36 لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 42 کروڑ بھارتی روپے) کی انعامی رقم ملی۔ وہ اے ٹی پی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک برقرار رہیں گے، جبکہ نئے عالمی نمبر دو بننے والے الیگزینڈر زویریف سے ان کی برتری 4,970 پوائنٹس کی ہوگی۔
فتح کے بعد جینک سنر تماشائیوں کے درمیان موجود اپنے والد کے پاس گئے اور انہیں گلے لگا لیا۔ بعد ازاں ویلز کی شہزادی کیتھرین نے انہیں ومبلڈن کی ٹرافی پیش کی۔سنر نے گزشتہ سال اسپین کے کارلوس الکاراز کو شکست دے کر بھی ومبلڈن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔یہ سنر کے کیریئر کا پانچواں گرینڈ سلیم ٹائٹل اور 2026 سیزن کا پہلا میجر خطاب ہے۔ اس سے قبل وہ فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں ارجنٹائن کے خوان مانوئل سرونڈولو سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔









