نئی دہلی 4نومبر: مرکزی کابینہ نے ’اگنی پتھ‘ منصوبہ کے تحت بھرتی ہوئے اگنی ویروں کے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ پہلے بیچ کے اگنی ویروں کی 4 سالہ مدت ملازمت اب ختم ہونے والی ہے۔ فوجی کمانڈروں اور زمینی سطح سے ملنے والی کارکردگی سے متعلق رائے بہت مثبت رہی ہے۔ اسی بنیاد پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 75 فیصد اگنی ویروں کی مدت ملازمت میں مزید 2 سال کی توسیع کی جائے گی۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے واضح کیا کہ ان 2 سال کے بعد تمام اگنی ویروں کو مستقل ملازمت میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ یہ موقع ان کی رضامندی اور فوج کے جائزے دونوں پر منحصر ہوگا۔ موجودہ نظام میں 4 سال بعد صرف 25 اگنی ویروں کو مستقل کیڈر میں رکھا جاتا تھا جبکہ باقی 75 فیصد سروس فنڈ لے کر باہر ہو جاتے تھے۔ اب ان 75 فیصد اگنی ویروں کو مزید 2 سال کی مدت ملازمت کا موقع ملے گا۔ اس توسیعی مدت میں وہ اپنی خدمات جاری رکھیں گے اور تجربہ حاصل کریں گے۔ 2 سال مکمل ہونے کے بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ جو اگنی ویر تیار ہوں گے اور جن کی کارکردگی تسلی بخش پائی جائے گی انہیں باقاعدہ دفاعی فورس کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔









