امبیڈکر نگر 3؍ نومبر:( نامہ نگار) اتر پردیش کے ضلع امبیڈکر نگر کے رہائشی انکور راج بھر اور جتیندر کمار، جو روزگار اور بہتر مستقبل کے خواب لے کر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گئے تھے، بحفاظت واپس لوٹ آئے ہیں۔ معروف سماجی کارکن سید عابد حسین (حقیقی زندگی کا بجرنگی بھائی جان)نے دبئی میں پھنسے ہوئے ان دونوں نوجوانوں کو ہندوستان واپس لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔گورکھپور میں ایک ٹریول ملازمت ایجنسی کے ذریعے، انکور راج بھر اور جتیندر کمار کو ‘گولڈن ونگ کنٹریکٹنگ (ایل ایل سی ) میں مددگار کے طور پر کام کرنے کے لیے دبئی (یو اے ای) بھیجا گیا۔ بیرون ملک بھیجتے وقت ان سے وعدہ کیا گیا تھا:
( 1)اجرت 12 ؍درہم فی گھنٹہ کے حساب سے دی جائے گی(2)رہائش اور کھانا کمپنی کی طرف سے مفت ہوگا(3)ماہانہ 100 ؍درہم کا بونس دیا جائے گا۔تاہم دبئی پہنچ کر تمام وعدے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ انہیں نہ تو کام تفویض کیا گیا اور نہ ہی وعدہ شدہ اجرت اور مراعات دی گئیں۔ جب متاثرین نے اپنی صورتحال کے بارے میں گورکھپور کی متعلقہ ایجنسی اور دبئی کی کمپنی سے رابطہ کیا تو دونوں نے کسی قسم کی مدد فراہم کرنے سے صاف انکار کردیا۔
دبئی میں پھنسے نوجوانوں کے پاس ہندوستان لوٹنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سماجی کارکن سید عابد حسین نے فوری نوٹس لیا۔ انہوں نے ہندوستانی سفارت خانہ (یو اے ای) اور حکومت ہند کی وزارت خارجہ (ایم ای اے) سے رابطہ کیا، اور دونوں تارکین وطن کی محفوظ واپسی اور راحت کے لئے سرکاری سطح پر درخواست کی۔وزارت خارجہ اور ہندوستانی سفارت خانے کے فوری تال میل اور سید عابد حسین کی مسلسل کوششوں کے بعد انکور راج بھر اور جتیندر کمار کی ہندوستان واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔ دونوں نوجوان اب اپنے ملک واپس آچکے ہیں اور انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ان کی مدد کرنے پر سید عابد حسین ، ہندوستانی سفارت خانہ،اوروزارت خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔









