میرپور، 17 اپریل (یو این آئی) ہنری نکولس (68) اور ڈین فاکسکرافٹ (59) کی نصف سنچریوں کے بعد بلیئر ٹکنر (چار وکٹ) اور نیتھن اسمتھ کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کو 26 رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی اور چوتھے اوور میں نیتھن اسمتھ نے تنزید حسن (2) اور نجم الحسن شانتو (0) کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد لٹن داس اور سیف حسن نے 93 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو سنبھالا۔ 23ویں اوور میں ولیم اورورک نے سیف حسن (57) کو آؤٹ کیا، جبکہ 28ویں اوور میں ڈین فاکسکرافٹ نے لٹن داس (46) کو پویلین بھیج دیا۔بعد میں عفیف حسین (27) بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 41ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بلیئر ٹکنر کی شاندار بولنگ کے سامنے بنگلہ دیش کے بلے باز زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیتھن اسمتھ نے توحید ہردوئے (55) کو آؤٹ کر کے اننگز کا خاتمہ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے 10 اوورز میں 40 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نیتھن اسمتھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ولیم اورورک، جیڈن لینوکس اور ڈین فاکسکرافٹ نے ایک، ایک وکٹ لی۔