دھرم شالہ، 14 جون (یو این آئی) ہندوستانی کپتان شبھمن گل افغانستان کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں ڈیبیو کرنے والے گُرنور برار اور ہرش دوبے کی کارکردگی سے بے حد خوش ہیں۔ بارش سے متاثرہ دھرم شالہ ون ڈے کو 25-25 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا، جس میں دونوں نوجوان گیندبازوں نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔گُرنور برار نے تقریباً 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اندر آتی گیندوں کے ذریعے افغان بلے بازوں کو خاصی پریشانی میں ڈالا، جبکہ ہرش دوبے نے درمیانی اوورز میں عمدہ گیندبازی کرتے ہوئے اہم وکٹیں حاصل کیں۔
اگرچہ رحمان اللہ گرباز نے صرف 48 گیندوں پر شاندار سنچری بنا کر افغانستان کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی، لیکن برار اور دوبے کی مؤثر گیندبازی کی بدولت مہمان ٹیم 194 رنز پر سمٹ گئی۔سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرنے کے بعد شبھمن گل نے کہا، ”میں گُرنور کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔ وہ تیز رفتار کے ساتھ گیند کو سوئنگ کرا رہے تھے اور ان کی لائن اور لینتھ میں بھی زبردست تسلسل تھا۔ ہرش نے بھی شاندار گیندبازی کی۔ ان کے پہلے اوور میں 16 رنز بنے تھے، لیکن جس انداز میں انہوں نے واپسی کی وہ قابلِ ستائش تھی۔ وہ مسلسل فل لینتھ پر گیند کرتے رہے اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد برقرار رکھا۔مختصر کیے گئے اس میچ میں ہرش دوبے نے درمیانی اوورز میں رنز کی رفتار پر قابو رکھا، جبکہ کپتان شبھمن گل نے 66 گیندوں پر ناٹ آوٹ 84 رنز بنا کر ہندوستان کی گرفت مضبوط کر دی۔ ایشان کشن اور کے ایل راہل کی جارحانہ اننگز نے افغانستان کی واپسی کی تمام امیدوں کو ختم کر دیا۔گل نے کہا،میرے خیال میں ون ڈے کرکٹ میں مڈل اوورز بہت اہم ہوتے ہیں۔ اگر ایک باؤلنگ یونٹ کے طور پر آپ ان اوورز میں دباؤ برقرار رکھ سکیں اور مواقع پیدا کرتے رہیں تو یہ میچ کا رخ بدل سکتا ہے۔ بیٹنگ میں بھی یہی حکمت عملی کارآمد ہوتی ہے۔ اگر ہم اسٹرائیک گھماتے رہیں، چھ سے ساڑھے چھ رنز فی اوور کی رفتار برقرار رکھیں اور زیادہ وکٹیں نہ گنوائیں تو آخری اوورز کے لیے مضبوط بنیاد تیار ہو جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا،ٹیم میٹنگز میں ہم خاص طور پر اس بات پر گفتگو کرتے ہیں کہ گیندبازی کے دوران درمیانی اوورز میں مواقع کیسے پیدا کیے جائیں اور بیٹنگ کے وقت رنز کی رفتار کو کیسے برقرار رکھا جائے۔