ممبئی، 14 جون (یو این آئی) موجودہ چیمپئن ایم ایس سی مراٹھا رائلز نے ہفتہ کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں آرکس اندھیری کو 8 رنز سے شکست دے کر نوواما پرائیویٹ ٹی-20 ممبئی لیگ کا خطاب کامیابی کے ساتھ اپنے نام کر لیا۔چنمئے ستار کی شاندار نصف سنچری اور تشار دیشپانڈے کی قیادت میں منظم گیندبازی کی بدولت مراٹھا رائلز نے دباؤ کے باوجود اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا۔اس سے قبل دن میں سوبو ممبئی فالکنز نے آل راؤنڈ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آکاش ٹائیگرز کو 25 رنز سے شکست دے کر خواتین کا خطاب جیت لیا۔31 ہزار سے زائد شائقین کی موجودگی میں کھیلے گئے مردوں کے فائنل میں آرکس اندھیری کے اوپنر دیویانش سکسینہ نے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 40 گیندوں پر 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی وہ اس سیزن میں تین نصف سنچریاں بنانے والے واحد بلے باز بن گئے۔دیویانش نے ارجن تندولکر کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 38 رنز اور پراگنیش کنپلیوار کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 25 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن مراٹھا رائلز کے گیندباز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔ آخرکار تشار دیشپانڈے نے انہیں آؤٹ کر کے میچ کا رخ اپنی ٹیم کے حق میں موڑ دیا۔
پراگنیش نے بھی 21 گیندوں پر 28 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی، جبکہ گورو جٹھار نے 17 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ٹیم کو مقابلے میں رکھنے کی کوشش کی، لیکن آرکس اندھیری مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز ہی بنا سکی۔اس سے قبل مراٹھا رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 154 رنز بنائے۔ ابتدائی جھٹکوں کے بعد چنمئے ستار اور کپتان سدھیش لاڈ نے چوتھے وکٹ کے لیے 65 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔چنمئے ستار نے 52 گیندوں پر 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے، جبکہ سدھیش لاڈ نے 25 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔آرکس اندھیری کی جانب سے ارجن تندولکر نے دو وکٹیں حاصل کیں، لیکن ان کی کوشش ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ٹورنامنٹ میں اگرچہ آرکس اندھیری ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی، تاہم اوپنر دیویانش سکسینہ نے 261 رنز بنا کر اورنج کیپ حاصل کی، جبکہ مراٹھا رائلز کے تشار دیشپانڈے نے 12 وکٹوں کے ساتھ پرپل کیپ اپنے نام کی۔
مختصر اسکور:مراٹھا رائلز 154/5 (20 اوور) – چنمئے ستار 61، سدھیش لاڈ 33؛ ارجن تندولکر 2/36۔آرکس اندھیری 146/8 (20 اوور) – دیویانش سکسینہ 51، پراگنیش کنپلیوار 28، گورو جتھار 23؛ آدتیہ دھومل 2/20، تشار دیشپانڈے 2/33۔
نتیجہ: مراٹھا رائلز 8 رنز سے کامیاب۔