سنگاپور، 30 مئی (یو این آئی): ہندوستان کی ٹاپ مینس ڈبلز جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے ہفتہ کے روز یہاں سنگاپور اوپن سپر 750 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ انہوں نے ورلڈ چیمپئن کوریا کے کم وون ہو اور سیو سیونگ جے کو سیمی فائنل میں سیدھے گیمز میں شکست دی۔
چوتھی سیڈ والی ہندوستانی جوڑی نے کوریائی جوڑی پر تین میچوں میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ انہوں نے یہ سیمی فائنل مقابلہ 52 منٹ میں 19-21، 18-21 سے جیت کر اس سال کے اپنے دوسرے ورلڈ ٹور فائنل میں جگہ یقینی کی۔ 2025 ورلڈ چیمپئن شپ کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے اس سال کی شروعات میں تھائی لینڈ اوپن میں رنر اپ رہے تھے۔
ہفتہ کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں، ساتوک اور چراغ نے کوریائی جوڑی کے خلاف دونوں گیمز میں شروعاتی برتری گنوانے کے بعد شاندار واپسی کی۔ پہلے گیم میں ہندوستانی جوڑی 13-8 اور پھر 17-13 سے پیچھے تھی، لیکن دباؤ کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور پہلا گیم اپنے نام کر لیا۔
چراغ نے میچ کے بعد کہا، “جب ہم پیچھے تھے، تو ہم نے پرسکون رہ کر خود کو سنبھالا کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ اگر ہم اپنے پلان پر قائم رہے، تو وہ کسی نہ کسی پوائنٹ پر ضرور ٹوٹ جائیں گے۔”
دوسرے گیم میں بھی ہندوستانی ٹیم 14-11 سے پیچھے چل رہی تھی، پھر انہوں نے لگاتار چھ پوائنٹس حاصل کر کے 14-17 کی برتری بنا لی اور پھر اس برتری کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔
کم اور سیو کا سامنا کرنے کے بارے میں چراغ نے کہا: “اس وقت سرکٹ پر ان کا ڈیفنس سب سے بہترین ہے۔ ہم جانتے تھے کہ ہمیں پرسکون اور مستحکم رہنا ہوگا، خاص طور پر حملہ کرتے وقت۔”
ساتوک اور چراغ اب ڈنمارک کے پانچویں سیڈڈ میتھیاس کرسٹیانسن اور الیگزینڈر بو، اور چین کے گاؤ جیا شوآن اور وی یا شن کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے مقابلہ کریں گے۔ دوسری طرف، ہندوستانی مکسڈ ڈبلز جوڑی دھرو کپیلا اور تنیشا کریسٹو کا چیلنج سیمی فائنل میں جاپان کی یوئیچی شیموگامی اور سیاکا ہوبارا سے 21-16، 17-21، 21-13 سے ہار کر ختم ہو گیا۔