نئی دہلی، 30 مئی (یو این آئی): ہندوستان کی نوجوان خاتون پہلوانوں نے انڈر 17 ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ کے ویمنز ایونٹس میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ (طلائی)، دو سلور (چاندی) اور ایک برونز (کانسی) سمیت کل پانچ تمغے (میڈلز) جیت لیے۔دکشا (43 کلوگرام) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں اسنگاریوا (کرغزستان) کو 0-6 سے ہرا کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ اس سے قبل انہوں نے فائنل تک پہنچنے کے سفر میں کرغزستان (0-8) اور ویتنام (0-10) کی حریفوں کو شکست دی تھی۔73 کلوگرام کیٹیگری میں، گریما نے فائنل میں نامونٹسی سیگ بٹبولڈ (منگولیا) کو 6-18 سے ہرا کر بہترین جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کے لیے دوسرا گولڈ میڈل پکا کیا۔
ہندوستان نے نکتا (49 کلوگرام) اور انترا (65 کلوگرام) کے ذریعے دو سلور میڈلز کا مزید اضافہ کیا۔ نکتا فائنل میں یوآن یوٹنگ (چین) سے 10-2 سے ہار گئیں، جبکہ انترا اپنے گولڈ میڈل کے مقابلے میں سیو ویئی (چین) سے 5-0 سے ہار گئیں۔ اس سے قبل انترا نے جاپان کے خلاف ایک سخت مقابلے میں سیمی فائنل میں جیت حاصل کی تھی۔ساکشی (57 کلوگرام) نے دن کا ہندوستان کے لیے واحد برونز میڈل جیتا۔ انہوں نے سیمی فائنل میں ملی قریبی ہار سے شاندار واپسی کرتے ہوئے میڈل پلے آف میں ارینا کوانشووا (قازقستان) کو 0-10 سے شکست دی۔اس ہفتے کی شروعات میں انڈر 23 ایشین چیمپئن شپ میں ملک کی شاندار کارکردگی کے بعد، ایج گروپ لیول پر ہندوستان کی یہ لگاتار کامیابی خاتون کشتی (ریسلنگ) میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔