بھوپال:06؍جون:(نمائندہ خصوصی)حفظِ قرآن ایک عظیم سعادت اور اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔ (بخاری)۔ حافظِ قرآن نہ صرف دنیا میں عزت و شرف پاتا ہے بلکہ قیامت کے دن اسے بلند درجات اور اپنے والدین کے لیے بھی باعثِ عزت و سعادت بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ جواس پرعمل پیرا ہوگا وہ قیامت کے دن دس ایسے لوگوں کے لئے باعث مغفرت ہوگاجن پر جہنم فرض ہوچکی ہو۔
کل راجدھانی بھوپال کے فتح گڑھ کے ساکن سید صفوان سلمہ اور عزیزم سید ثوبان سلمہ ابن مفتی شاہ عالم نے نہایت کم عمری میں قرآن پاک مکمل حفظ کر کے نہ صرف اپنے گھر بلکہ اپنے خاندان سمیت پورے علاقے کا نام روشن کر دیا۔ان دونوں بھائیوں کی کامیابی پر ان کے والدین کی آنکھیں اشکِ مسرت سے نم ہیں۔ مفتی صاحب نے محدود آمدنی کے باوجود اپنے بچوں کی دینی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ دن رات کی محنت، صبر،خاندان کی کوششوں سمیت نانا اوروالدہ کی ان تھک جدوجہد سمیت عزیزواقربا کی دعاؤں کے نتیجے میں آج ان کے دونوں بیٹے حفظِ قرآن کی دولت سے مالامال ہو گئے ہیں۔اس موقع پر تقریبِ نشرح کا اہتمام کیاگیا، جس میں بچوں کے استاذ کو بھی صدرجلسہ مولانا سید قاضی مشتاق علی ندوی کے دست مبارک سے استاذ محترم کااعزازکیاگیا، اعزاز کی شکل میں انہیں 20ہزارروپے نقد سمیت جوڑا وغیرہ بھی ہدیہ پیش کیاگیا۔ اوران کاشکریہ اداکیا گیا۔
اس بابرکت موقع پر 5 جون روز جمعہ، انڈین شادی ہال، گنوری، بھوپال میں ایک عظیم الشان تقریبِ نشر ح کا انعقادعمل میں آیا۔ پروگرام بعد نمازِ مغرب محفلِ قرآت اور عظمتِ قرآن کے پیش نظر منعقد ہوا۔ پروگرام کاآغاز تلاوت قرآن سے ہوا،اس کے بعد مولانا دلنواز ندوی نے نعت پاک سے محفل کو محظوظ کیا،پھر مولاناتوفیق ندوی نے حفظ قرآن کی عظمت پر نظم پیش کرکے ناظرین کے دلوں کوباغ باغ کردیا۔وہیں مولانانعمت اللہ ندوی نے قرآن کی فضیلت سے لوگوں کوآشناکیا،اس کے علاوہ جامعہ اسلامیہ عربیہ مسجد ترجمہ والی کے ناظم مولانا محمداحمد صاحب (صدرجمعیۃ علماء مدھیہ پردیش) نے شرکت کی اوردونوں حفاظ بھائیوں کی حوصلہ افزائی فرمائی۔وہیں مولاناسید شرافت علی ندوی اورقاری زبیرصاحب نے شرکت فرمائی اور بچوں کودعاؤں سے نواز۔پھر صدرجلسہ مولاناسید مشتاق علی ندوی نے قرآن کریم حفظ کرنے پرکیاکیاسعادتیں حاصل ہوتی ہیں ،اس پر روشنی ڈالی،پھرقاضی صاحب کی رقت آمیز دعاپر جلسہ کااختتام ہوا۔ جلسہ کی نظامت مولانا محمدیوسف صدیقی ندوی نے بحسن و خوبی انجام دئے۔جلسہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اورحافظ سید صفوان اورسید ثوبان کو دعاؤں سے نواز نیز ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔وہیں بعد نمازِ عشاء شرکاء کے لیے عشائیہ کابھی اہتمام تھا۔ صفوان و ثوبان کی والدہ نے تمام شرکاء کاشکریہ اداکیا۔









