بھوپال 19جولائی: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی صدارت میں گونڈ خاندان کے شاندار قلعہ جگدیش پور کے چمن محل میں مساوات اور انصاف کے جذبے سے وابستہ وزارتی کونسل کی میٹنگ میں تاریخی فیصلے کرتے ہوئے “مدھیہ پردیش یکساں سول کوڈ، 2026 ‘‘کو ریاستی اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے منظوری دی گئی۔ وزارتی کونسل نے مزید 8 دیگر بلوں کو بھی آئندہ اسمبلی اجلاس میں پیش کیے جانے کے لیے منظوری دی۔ وزارتی کونسل کے ایک اور فیصلے میں ریاست کے 73 اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کو بھی منظوری دی گئی۔ وزارتی کونسل نے اس کام کے لیے 898 کروڑ 96 لاکھ روپے بھی منظور کیے۔
وزارتی کونسل نے مساوات اور انصاف کے جذبے سے وابستہ “مدھیہ پردیش یکساں سول کوڈ، 2026 ‘‘کے بل کی منظوری دی۔ ساتھ ہی ضروری آئینی اور ضابطہ جاتی کارروائیاں مکمل کرکے اسے مدھیہ پردیش اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے محکمہ قانون و قانون سازی کو مجاز قرار دیا گیا۔ وزارتی کونسل نے “مدھیہ پردیش منسوخی بل، 2026 ‘‘کی منظوری دی۔ ساتھ ہی بل کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کرکے منظور کرانے اور تمام ضروری کارروائی انجام دینے کے لیے محکمہ قانون و قانون سازی کو مجاز قرار دیا گیا۔
وزارتی کونسل نے “مدھیہ پردیش شاہراہ (ترمیمی) بل، 2026کی منظوری دی۔ بل کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کرکے منظور کرانے اور تمام ضروری کارروائی انجام دینے کے لیے محکمہ تعمیرات عامہ کو مجاز قرار دیا گیا۔ وزارتی کونسل نے’’مدھیہ پردیش فائر بریگیڈ اور ہنگامی خدمات بل، 2026 ‘‘کی منظوری دی۔ ساتھ ہی بل کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کرکے منظور کرانے اور تمام ضروری کارروائی انجام دینے کے لیے محکمہ شہری ترقی و رہائش کو مجاز قرار دیا گیا۔ وزارتی کونسل نے مدھیہ پردیش نجی یونیورسٹی (قیام و انتظام) ترمیمی بل، 2026 کی منظوری دی، جس کے تحت نجی یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے زمین، تعمیر شدہ رقبہ اور وقف فنڈ کی شرائط سے استثنا دیا جائے گا۔ وزارتی کونسل نے مدھیہ پردیش دھنونتری صحت یونیورسٹی بل، 2026 کی منظوری دی۔ ساتھ ہی بل کو اسمبلی میں پیش کرنے اور اس کی منظوری کے لیے آئندہ کارروائی انجام دینے کے لیے محکمہ صحت عامہ و طبی تعلیم کو مجاز قرار دیا گیا۔
وزارتی کونسل نے مدھیہ پردیش آیوروِگیان یونیورسٹی (ترمیمی) بل، 2026 کی منظوری دی۔ ساتھ ہی اسمبلی میں آئندہ کارروائی کے لیے محکمہ صحت عامہ و طبی تعلیم کو مجاز قرار دیا گیا۔









