اولان بتار،6 اپریل (یواین آئی ) منگولیا کے شہر اولان بتار میں جاری ایشیائی باکسنگ چیمپئن شپ 2026 میں ہندوستانی خواتین باکسرز نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ پریتی پوار، پریا اور اروندھتی چودھری نے اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جبکہ تجربہ کار باکسرز نکہت زرین اور لولینا بورگوہین کو کانسہ کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔54 کلوگرام زمرے میں پریتی پوار نے پیرس اولمپکس کی کانسی تمغہ یافتہ جنوبی کوریا کی ای جی اِم کو واضح برتری کے ساتھ شکست دی۔ انہوں نے تینوں راؤنڈز میں غلبہ برقرار رکھتے ہوئے متفقہ فیصلے سے 5-0 کی کامیابی حاصل کی۔ اب سونے کے تمغے کے لیے ان کا مقابلہ چینی تائپے کی ہوانگ شیاو وین سے ہوگا، جو تین مرتبہ عالمی چیمپئن رہ چکی ہیں اور ٹوکیو 2020 اولمپکس کی کانسی تمغہ یافتہ بھی ہیں۔دیگر مقابلوں میں پریہ (60 کلوگرام) اور اروندھتی چودھری (70 کلوگرام) نے بھی اپنے اپنے سیمی فائنل آسانی سے جیت کر فائنل میں جگہ پکی کی۔ پریہ نے منگولیا کی نامون مونخور کو 5-0 سے شکست دی اور اب فائنل میں ان کا مقابلہ شمالی کوریا کی اُن گیونگ وون سے ہوگا۔ اروندھتی نے ازبکستان کی اویشا توئیرووا کو 4-1 سے ہرا کر سب کو متاثر کیا اور اب وہ قازقستان کی باکیت سیدیش کے خلاف سونے کے تمغے کے لیے مقابلہ کریں گی۔
ہندوستانی باکسنگ فیڈریشن کے انتخابی اصولوں کے مطابق، جو باکسرز اس چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچتے ہیں، انہیں دولتِ مشترکہ کھیلوں اور ایشیائی کھیلوں کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر لیا جاتا ہے۔دوسری جانب، سابق عالمی چیمپئن نکہت زرین (51 کلوگرام)، اولمپک تمغہ یافتہ لولینا بورگوہین (75 کلوگرام) اور اولمپین پوجا رانی (80 کلوگرام) اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے یکطرفہ انداز میں 5-0 سے ہار گئیں اور انہیں کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔نکہت کو چین کی وو یو کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ لولینا کو ازبکستان کی عزیزہ زوکیروا نے ہرایا۔ پوجا رانی کو قازقستان کی نادیژدا ریابیتس کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عزیزہ اور ریابیتس دونوں عالمی چیمپئن شپ کی تمغہ یافتہ باکسرز ہیں۔مزید برآں، 65 کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں انکوشیتا بورو کو چینی تائپے کی نین چن چن کے ہاتھوں 3-0 سے شکست ہوئی، جو پیرس 2024 کی کانسی تمغہ یافتہ رہ چکی ہیں۔