بھوہال 22جولائی:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے اسپورٹس انفراسٹرکچر، کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی زور دے رہی ہے۔ ریاست میں “کھیلو بڑھو ابھیان” کے تحت رکنِ پارلیمنٹ کپ اور رکنِ اسمبلی کپ کے ذریعے ریاست کی ہر اسمبلی اور تحصیل سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت کے اسی عزم کا نتیجہ ہے کہ آج ریاست کے کھلاڑی کرکٹ ٹورنامنٹس، اولمپک گیمز اور کھیلو انڈیا گیمز میں تمغے جیت کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر مدھیہ پردیش کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹوں کے ساتھ ساتھ ہماری بیٹیاں بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ مدھیہ پردیش کی بیٹی محترمہ کرانتی گاؤڑ نے اپنی صلاحیت اور مہارت کے دم پر پورے ملک اور ریاست کا وقار بڑھایا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کے روز وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ واقع سنواد بھون میں منعقدہ اعزازی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مدھیہ پردیش کی ممتاز بین الاقوامی کرکٹر محترمہ کرانتی گاؤڑ اور ان کے والد مسٹر نرسنگھ اور بھائی مسٹر مہندر سنگھ کا بھی اعزاز کیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کرکٹر محترمہ گاؤڑ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کی لاڈلی بیٹی اور ہماری چھوٹی بہن محترمہ کرانتی ریاست میں کھیلوں کا نیا انقلاب لے آئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے محکمہ کھیل و نوجوان بہبود، مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے لارڈز کے “ٹیسٹ آنرز بورڈ” پر اپنا نام درج کرانے والی ملک کی پہلی خاتون کرکٹر محترمہ کرانتی گاؤڑ کو 3 لاکھ روپے کا چیک اور یادگاری نشان دے کر اعزاز سے نوازا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ پر بندیل کھنڈ کی قابلِ فخر بیٹی محترمہ کرانتی گاؤڑ کی جانب سے 7 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی دکھانے پر دل کھول کر ستائش کی، اور اس بڑی کامیابی پر اپنی جانب سے 2 لاکھ روپے کی اعزازی رقم کا چیک بھی انہیں پیش کیا۔ کرکٹر محترمہ کرانتی گاؤڑ نے کرکٹ کھلاڑیوں اور مدھیہ پردیش کھیل اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑیوں سے بھی گفتگو کی۔ بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑی محترمہ گاؤڑ نے کہا کہ انہوں نے بچپن میں بے شمار جدوجہد کے درمیان یہ طے کر لیا تھا کہ انہیں ٹیم انڈیا کی بلیو جرسی ضرور پہننی ہے۔
بندیل کھنڈ کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے کرکٹ کے بین الاقوامی میدان تک کا سفر والدین اور خاندان کے تعاون اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ محترمہ کرانتی نے کہا کہ ان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے خاندان نے برسات کے موسم میں ٹپکتے ہوئے مکان کے نیچے رہ کر، اور باورچی خانے میں راشن نہ ہونے جیسے مشکل دن بھی گزارے ہیں۔ اپنا مقصد حاصل کرنے کے لیے انہوں نے عزم کر لیا تھا کہ اب کچھ بھی ہو، اپنے ملک اور اپنے لوگوں کے لیے کچھ کر کے دکھانا ہے۔
پروگرام میں کھیل و نوجوان بہبود اور امدادِ باہمی کے وزیر مسٹر وشواس کیلاش سارنگ، کھیل سکریٹری مسٹر سنجیو سنگھ، ڈائریکٹر کھیل و نوجوان بہبود مسٹر انشومان سنگھ یادو سمیت محکمۂ کھیل کے سینئر افسران اور بڑی تعداد میں کھلاڑی بھی موجود تھے۔









