بھوپال:22؍اکتوبر:مدھیہ پردیش پولیس کی کمیونٹی پولیسنگ برانچ کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کے تعاون سے قومی یوم اتحاد کے موقع پر پوری ریاست کے کالجوں میں ’جن سرکشا یووا سرجن سمواد ‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اکتوبر کے آخری ہفتے میں ضلع ہیڈکوارٹرس کے اہم کالجوں میں منعقد ہونے والی ان ورکشاپس کے ذریعے طلباء کو قانون، سیکیورٹی اور سماجی ذمہ داری سے جڑے مختلف موضوعات کی معلومات دی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد نوجوانوں کو ذمہ دارانہ شہریت کے جذبے سے جوڑنا نیز انہیں خود اور معاشرے کی حفاظت میں فعال شریک بنانا ہے۔
اس مہم کے مؤثر انعقاد کے لیے بھوپال میں ‘ٹریننگ آف ٹرینرس’ (TOT) پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں ریاست کے کالجوں سے دو دو نمائندوں کو مدعو کر کے تربیت فراہم کی گئی۔ تربیت کے دوران کمیونٹی کی شرکت سے متعلق مختلف موضوعات پر طلباء کے ساتھ گفتگو اور ورکشاپس کے نفاذ کے لیے نمائندوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا۔ تربیت یافتہ نمائندے اب اپنے اپنے کالجوں میں طلباء کے ساتھ ‘جن سرکشا سمواد کا انعقاد کریں گے۔’جن سرکشا یووا سرجن سمواد‘ کے تحت طلباء کو آئینی اور انسانی حقوق سے متعلق موضوعات، قانونی بیداری، خواتین اور بچوں کی حفاظت، صنف پر مبنی تشدد کی روک تھام، منشیات سے دوری، سائبر کرائم سے بچاؤ، ٹریفک سیکیورٹی سمیت دیگر اہم موضوعات کی معلومات دی جائے گی۔ طلباء کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ ضرورت پڑنے پر دستیاب قانونی دفعات اور پولیس خدمات کا استعمال کر کے وہ اپنی نیز دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کس طرح اپنا تعاون دے سکتے ہیں۔