رائسین :22؍اکتوبر: (پریس ریلیز)ضلع رائے سین کی غیرت گنج تحصیل کے غیرت گنج نگر کے وارڈ نمبر 11 میں واقع سدھا ساگر نگر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم چوروں نے جم کر آتنک مچایا۔ چوروں نے تین مکانوں اور سڑک تعمیراتی کمپنی کے دفتر کے تالے توڑ کر چوری کی واردات انجام دی۔ اسی علاقے میں ایک استاد کے مکان کے سامنے کھڑی موٹر سائیکل بھی چور لے کر فرار ہوگئے۔ ایک ہی رات میں پانچ مقامات پر پیش آنے والے ان واقعات سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، بھوپال ساگر روڈ سے متصل سدھا ساگر کالونی میں بھگوان سنگھ لودھی، مکیش جین اور ارجن سنگھ لودھی کے مکانات خالی پڑے تھے۔ بدھ کی شب نامعلوم چوروں نے تینوں گھروں کے مرکزی دروازوں کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور نقدی سمیت گھریلو سامان چوری کرلیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، بھگوان سنگھ لودھی کے مکان سے تقریباً دو ہزار روپے نقد، 20 کلو خالص گائے کا دیسی گھی اور دیگر سامان چوری ہوا ہے۔ وہیں مکیش جین کے گھر سے نقدی اور قیمتی سامان غائب پایا گیا۔ ارجن سنگھ لودھی کے مکان سے تقریباً 25 سے 30 ہزار روپے نقد اور گھریلو سامان چوری ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ چوروں نے گھروں میں سامان کی تلاشی لیتے ہوئے اسے پوری طرح بکھیر دیا۔
چوروں نے راحت گڑھ سے رائے سین تک سڑک تعمیراتی کام میں مصروف کمپنی کے دفتر کو بھی نشانہ بنایا۔ دفتر کے تالے توڑ کر چور اندر داخل ہوئے، تاہم کوئی کارآمد سامان نہ ملنے پر وہاں سے چلے گئے۔ اس کے علاوہ اسی علاقے میں رہنے والے استاد منشی لال گُرجر کے مکان کے سامنے کھڑی ہیرو اسپلینڈر موٹر سائیکل بھی چوری ہوگئی۔
ایک ہی رات میں پانچ مقامات پر چوری کی وارداتوں کی اطلاع ملنے پر تھانہ انچارج ڈی پی لوہیا پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور جائے واردات کا معائنہ کیا۔ پولیس نے آس پاس کے علاقوں میں تفتیش شروع کردی ہے اور مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جارہی ہے۔
تھانہ انچارج ڈی پی لوہیا کے مطابق، فی الحال تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔ مسلسل چوری کی وارداتوں سے علاقے کے رہائشیوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے پولیس سے رات کی گشت بڑھانے، چوروں کا جلد سراغ لگانے اور ایسی وارداتوں پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔









