دامبولا، 9 جون (یو این آئی) رنگیری دامبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ‘ٹرائی نیشن اے سیریز 2026’ کے افتتاحی میچ میں انڈیا ‘اے نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد سری لنکا ‘اے کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ ایک وقت پر سری لنکا کی ٹیم انتہائی مضبوط پوزیشن میں تھی اور آسان فتح کی طرف گامزن تھی، لیکن آخری اوورز میں ہندوستانی بولرز کی شاندار واپسی نے میچ کا پاسا پلٹ کر رکھ دیا۔
277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ‘اے کے بیٹر سہان آراچیگے (74 رنز) اور ٹاپ آرڈر کی بہترین کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم میچ پر حاوی تھی۔ ایسا لگتا تھا کہ میچ انڈیا ‘اے کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے، لیکن آخری اوورز میں ارشد خان (24 رنز دے کر 2 وکٹیں) کی تباہ کن بولنگ نے سری لنکن اننگز کو بکھیر کر رکھ دیا۔
وانوجا سہان کے ایک رن آؤٹ نے ہندوستان کے لیے واپسی کا دروازہ کھولا، جس کے بعد وجے کانتھ ویاس کانتھ ایل بی ڈبلیو ہوئے اور محمد شیراز باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے، یوں سری لنکا کی پوری ٹیم جیتا ہوا میچ ہار گئی۔اس سے قبل، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا ‘اےنے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔ ہندوستان کی اننگز کے ہیرو اوپنر رتوراج گائیکواڈ رہے، جنہوں نے 114 گیندوں پر 101 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ان کا ساتھ مڈل آرڈر میں تلک ورما نے دیا، جنہوں نے 60 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں سورینش شیڈگے کے ناٹ آؤٹ 26 رنز کی بدولت ہندوستان ایک دفاعی اسکور تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔ سری لنکا کی جانب سے محمد سراج نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ‘اے کا آغاز کافی جاندار رہا۔ اوپنر نیروشن ڈکویلا (47 رنز) اور اویشکا فرنینڈو (45 رنز) نے ٹیم کو اچھا اسٹارٹ فراہم کیا۔ اس کے بعد سدیرا سماراوکرما (46 رنز) اور سہان آراچیگے (74 رنز) نے اننگز کو آگے بڑھایا۔
جب سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے محض چند رنز درکار تھے، تو انڈیا ‘اے کے بولنگ یونٹ بشمول انوکول رائے، وپراج نگم اور ارشد خان نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے رنز کی رفتار کو روکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کی پوری ٹیم کو 48.5 اوورز میں 269 رنز پر ڈھیر کر دیا۔









