نیویارک:یکم جولائی:گزشتہ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ فرانس نے بدھ کو کھیلے گئے پہلے میچ میں سویڈن کو 0-3 سے شکست دے کر فٹبال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ادھر شریک میزبان میکسیکو نے ایکواڈور کو 0-2 سے ہرا کر 40 سال بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کا میچ جیت لیا۔ اس تاریخی کامیابی پر شہر کے مختلف مقامات پر شائقین نے جشن منایا، تاہم جشن کے دوران دم گھٹنے کے باعث دو مداح جاں بحق ہوگئے۔نیویارک کے نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی جانب سے کیلیان ایمباپے نے دو جبکہ بریڈلی بارکولا نے ایک گول اسکور کیا۔ اس سیزن سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں ایمباپے نے لیونل میسی کی برابری کر لی ہے۔ دونوں کے نام اب 6،6 گول درج ہیں۔
میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں میکسیکو کے جولین کوئنیونیس نے 22ویں جبکہ راؤل خیمنیز نے 31ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ میچ کے انجری ٹائم کے پانچویں منٹ میں ایکواڈور کے پیئرو ہِنکاپیے کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔اب فرانس کا مقابلہ 5 جولائی کو پیراگوئے سے ہوگا، جبکہ میکسیکو 6 جولائی کو انگلینڈ اور کانگو ڈی آر کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گا۔