نئی دہلی17جون: ایک معمولی سے نظر آنے والے 6 روپے کے پیپر کیری بیگ نے معروف جوتا ساز کمپنی باٹا انڈیا کو 10 ہزار روپے ادا کرنے پر مجبور کر دیا۔ جنوبی دہلی ضلع صارف تنازعات ازالہ کمیشن (ڈی سی ڈی آر سی) نے ایک صارف کی شکایت پر فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی کو ہدایت دی ہے کہ وہ شکایت کنندہ کو معاوضہ اور مقدمے کے اخراجات کی مد میں 10 ہزار روپے ادا کرے۔ یہ معاملہ مئی 2023 کا ہے، جب دہلی کی رہائشی پریتی اگروال نے باٹا کے ایک اسٹور سے 1499 روپے مالیت کے جوتے خریدے تھے۔ ان کا الزام تھا کہ خریداری کے وقت انہیں کیری بیگ کے لیے اضافی 6 روپے ادا کرنے پڑے، حالانکہ اسٹور میں کہیں بھی یہ اطلاع موجود نہیں تھی کہ کیری بیگ الگ سے قیمت لے کر فراہم کیا جائے گا۔ شکایت کنندہ کے مطابق انہیں اضافی رقم کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب وہ بلنگ کاؤنٹر پر پہنچ چکی تھیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خریداری مکمل ہونے کے بعد صارف کے پاس زیادہ انتخاب باقی نہیں رہتا، کیونکہ جوتوں کے ڈبے کو ہاتھ میں لے کر جانا عملی طور پر مشکل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پہلے سے واضح اطلاع دی جاتی تو وہ خریداری کے بارے میں بہتر فیصلہ کر سکتی تھیں۔ کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگرچہ خوردہ فروشوں کو سادہ اور غیر برانڈڈ کیری بیگ کے لیے الگ سے رقم وصول کرنے کی قانونی اجازت حاصل ہے۔
تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ صارفین کو پہلے سے واضح طور پر مطلع کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے دکان کے اندر نمایاں مقام پر نوٹس آویزاں ہونا چاہیے۔