تاشقند، 14 مئی (یواین آئی)ہندوستان نے ایشین باکسنگ انڈر-15 چیمپئن شپ 2026 میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے مجموعی طور پر 27 میڈلز جیت لیے، جن میں 9 گولڈ، 6 سلور اور 12 برونز میڈلز شامل ہیں۔ خاص طور پر انڈر-15 لڑکیوں کے زمرے میں ہندوستان میڈل ٹیبل پر سرفہرست رہا۔ ہندوستانی لڑکیوں نے مہم کی قیادت کرتے ہوئے 7 گولڈ، 2 سلور اور 5 برونز میڈلز جیتے۔انجی (37 کلو) نے قازقستان کی باکسر کو 5:0 سے ہرا کر سونا جیتا۔سونیا (40 کلو)نے ازبکستان کی حریف کے خلاف 5:0 سے یکطرفہ جیت حاصل کی۔
تنوئی (43 کلو) اور سنینا (58 کلو) نے پہلے ہی راؤنڈ میں اپنے مقابلے جیت کر گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
ہنسیکا اتری (46 کلو) اور بھومیکا (61 کلو) نے دوسرے راؤنڈ میں ‘آر ایس سی کے ذریعے فتح حاصل کی۔اینجل (70 کلو) نے ازبک باکسر کو 4:1 سے ہرا کر لڑکیوں کی مہم کا شاندار اختتام گولڈ میڈل کے ساتھ کیا۔انڈر-15 لڑکوں نے ہندوستان کے کھاتے میں 2 گولڈ، 4 سلور اور 7 برونز میڈلز کا اضافہ کیا۔
یش کمار (33 کلو) نے قازقستان کے کھلاڑی کو 3:2 کے سخت مقابلے کے بعد ہرا کر سونا جیتا۔
محمد یاسر (58 کلو) نے ازبکستان کے عبداللہ کو 3:2 سے شکست دے کر دوسرا گولڈ میڈل حاصل کیا۔
اکشیتا (33 کلو) اور تنوی (64 کلو) کو فائنل میں شکست کے بعد سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ لڑکوں میں سستھا وسنت (37 کلو)، سمیر بوہرا (43 کلو)، سدرشن واسودیو (52 کلو) اور رونق پراگ (67 کلو) نے سلور میڈلز جیتے۔9 گولڈ سمیت کل 27 میڈلز کے ساتھ ہندوستان نے اس براعظمی ٹورنامنٹ میں اپنی طاقت کا لوہا منوایا۔ بھارتی باکسرز نے تمام کیٹیگریز میں بہترین تکنیک اور کھیل کا مظاہرہ کر کے مستقبل کے لیے بڑی امیدیں وابستہ کر دی ہیں۔









