بنکاک، 25 مارچ (یو این آئی )تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری ایشیا کپ 2026 اسٹیج ون آرچری (تیر اندازی) ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بدھ کے روز دو کانسے کے تمغے اپنے نام کر لیے۔ ہندوستانی خواتین کی ریکرو ٹیم اور مردوں کی کمپاؤنڈ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایس اے ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں روما بسواس، کیرتی اور ردھی پر مشتمل ہندوستانی خواتین کی ریکرو ٹیم نے ملائیشیا کو 5-1 سے دھول چٹا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔کوارٹر فائنل میں ہندوستان نے چینی تائپے کو 6-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو چین کے ہاتھوں 5-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کوالیفائنگ راؤنڈ میں روما بسواس نے 650 پوائنٹس کے ساتھ ٹیم کی قیادت کی، جبکہ کیرتی (638) اور ردھی (627) نے مجموعی اسکور 1915 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب مردوں کے کمپاؤنڈ زمرے میں تجربہ کار رجب چوہان، اودے کمبوج اور عالمی نمبر 4 رشبھ یادو نے کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں بھوٹان کو ایک سخت مقابلے کے بعد 234-232 سے شکست دی۔









