بھوپال:21؍نومبر:بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو کے پنپتھا بفر علاقے میں جنگلی جانوروں کے قدرتی مسکن کی حفاظت کے لیے محکمہ جنگلات نے مشترکہ تجاوزات مخالف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 105 ہیکٹر جنگلاتی زمین پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس دوران جنگلاتی زمین پر گھاس پھوس، لکڑیوں، لینٹانا اور کپڑوں وغیرہ سے بنائی گئی 103 عارضی جھونپڑیوں کو ہٹایا گیا۔جنگلاتی تحفظ پکھواڑے کے تحت 20 نومبر کو علاقے کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنپتھا کی قیادت میں یہ کارروائی کی گئی۔ اس میں محکمہ جنگلات، محکمہ محصولات اور پولیس کے 75 سے زائد افسران و اہلکار شامل رہے۔ مشترکہ ٹیم میں جنگلاتی حدود کے افسر پنپتھا بفر، نائب تحصیلدار کھیتولی، ایکو ڈیولپمنٹ کمیٹی بامہوری کے صدر مسٹر سمنت گوسوامی، پولیس تھانہ برہی اور پولیس چوکی کھیتولی کی خواتین اور مرد پولیس اہلکار، گرام پنچایت جگوا کے سرپنچ اور خواتین جنگلاتی اہلکاروں سمیت محکمہ جنگلات کا عملہ شامل رہا۔مشترکہ ٹیم نے جنگلاتی حدود پنپتھا بفر کے بیٹ جگوا کے کمپارٹمنٹ نمبرآر ایف 507 میں گاؤں دندہا ٹولا اور ٹکوری ٹولا کی خواتین کی جانب سے تقریباً 70 ہیکٹر، بیٹ کھیتولی کے کمپارٹمنٹ نمبرآر ایف 500 میں گاؤں بامہوری کی خواتین کی جانب سے تقریباً 20 ہیکٹر اور بیٹ مڈرا کے کمپارٹمنٹ نمبر RF 487 میں گاؤں مڈرا کے نیاگاؤں میں خواتین اور مردوں کی جانب سے تقریباً 15 ہیکٹر جنگلاتی زمین پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
کارروائی کے دوران ٹریکٹر، مزدوروں اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کی مدد سے تینوں مقامات پر بنائی گئی کل 103 عارضی جھونپڑیوں کو ہٹایا گیا۔ موقع پر موجود خواتین کو محکمہ محصولات، پولیس اور محکمہ جنگلات کے افسران اور گرام پنچایت جگوا کے سرپنچ کی جانب سے سمجھایا گیا۔ پوری کارروائی پْرامن طریقے سے مکمل ہوئی۔
بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جنگلی جانوروں کے قدرتی مسکن اور جنگلاتی علاقوں کی حفاظت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اس طرح کی کارروائی مسلسل جاری رہے گی۔









