نئی دہلی 21نومبر:بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اپنے ملک واپس لوٹنا چاہتی ہیں، لیکن ان کی واپسی کا راستہ آسان نظر نہیں آ رہا ہے۔ شیخ حسینہ کی جانب سے لندن کی ایک لا فرم نے بنگلہ دیش ہائی کمیشن سے نیا پاسپورٹ اور نیشنل آئی ڈی کارڈ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے جب ان کے لیے درخواست دی گئی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت انہیں ہندوستان سے حوالگی کے ذریعے واپس لانے پر زور دے رہی ہے۔ بنگلہ دیش میں بھی شیخ حسینہ کے حامی احتجاج کر رہے ہیں۔ ایسے میں سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا بنگلہ دیشی حکومت خود ہی نہیں چاہتی کہ شیخ حسینہ واپس لوٹ سکیں؟
شیخ حسینہ کی جانب سے کام کرنے والی لندن کی لا فرم میٹرکس چیمبرز نے 9 نومبر کو بنگلہ دیش ہائی کمیشن کو ای میل بھیج کر نیا پاسپورٹ اور نیشنل آئی ڈی کارڈ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم ڈھاکہ نے پہلی درخواست پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے ساتھ حسینہ کی اجازت کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا ہے۔ اس کے بعد جمعرات کو وکلا نے حسینہ کے دستخط شدہ خط بھیجا اور دوسری مرتبہ درخواست دی۔ اس خط کے ذریعے بتایا گیا کہ وکلا کو ان کی جانب سے درخواست دینے کی اجازت حاصل ہے۔









