بھوپال:21؍نومبر:وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، تکنیکی تعلیم اور آیوش مسٹر اندر سنگھ پرمار کی ہدایت پر اعلیٰ تعلیم کے محکمہ نے کالجوں کے قیام اور نئی تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت دینے کے عمل کو مزید شفاف، منظم اور مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے نیا آن لائن بندوبست نافذ کیا ہے۔ تعلیمی سیشن 2027-28 سے نافذ اسبندوبست کے تحت غیر سرکاری نئے کالجوں کے قیام، نئے شعبے، کورسز، مضامین اور اعلیٰ کلاسز شروع کرنے نیز تسلسل سے متعلق درخواستوں کا پورا عمل مقررہ آن لائن طریقے سے مکمل ہوگا۔ اس کا مقصد اجازت دینے کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے کے ساتھ دستاویزات کی مؤثر تصدیق، غیر ضروری تاخیر پر روک اور ہر سطح پر جوابدہی یقینی بنانا ہے۔اعلیٰ تعلیم کے محکمہ کی جانب سے جاری رہنما ہدایات کے مطابق متعلقہ ادارے 19 نومبر سے 7 دسمبر 2026 تک مقررہ آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔ درخواست سے لے کر ابتدائی جانچ، فزیکل معائنہ، حتمی فیصلہ اور نظرثانی و اپیل تک کا عمل مقررہ مراحل اور مدت کے مطابق انجام دیا جائے گا۔نئے بندوبست کی اہم خصوصیت زمین سے متعلق دستاویزات کی ٹیکنالوجی پر مبنی تصدیق ہے۔ درخواست دینے والے اداروں کو زمین کی ملکیت سے متعلق دستاویزات کے ساتھ خسرہ یا بی-1 اور نقشہ پیش کرنا ہوگا۔ متعلقہ ریکارڈ کی بھو-ابھیلیک پورٹل کے ذریعے تصدیق شدہ نقل اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ اس سے زمین سے متعلق دعوؤں کی تصدیق میں شفافیت اور اعتبار کو یقینی بنایا جائے گا۔
مقررہ فیس کی ادائیگی اور درخواست لاک ہونے کے بعد اس میں کسی بھی قسم کی ترمیم کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس لیے اداروں کو درخواست حتمی طور پر جمع کرنے سے پہلے تمام معلومات، اعلانات اور ضروری دستاویزات کی مکمل دستیابی یقینی بنانی ہوگی۔
موصولہ درخواستوں کی ابتدائی جانچ کمشنر، اعلیٰ تعلیم کے دفتر میں نامزد خصوصی ڈیوٹی افسر (او ایس ڈی) کے ذریعے کرائی جائے گی۔ درخواست میں کوئی کمی پائے جانے پر متعلقہ ادارے کو مطلع کرکے ضروری کمی پوری کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ پیش کردہ تعمیل کی دوبارہ جانچ بھی کی جائے گی۔
ابتدائی جانچ کے بعد ضابطے کے مطابق معاملے متعلقہ ضلع کلکٹر کو فزیکل معائنے کے لیے بھیجے جائیں گے۔ کلکٹر کی جانب سے تشکیل دی گئی معائنہ کمیٹی میں لیڈ کالج، محکمہ محصولات کے نمائندے اور متعلقہ موضوع کے ماہرین شامل ہوں گے۔
کمیٹی مقررہ معیار کے مطابق کالج کی زمین اور ضروری انتظامات کا فزیکل معائنہ کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
معائنہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد متعلقہ معاملات کی جانچ کرکے ضابطے کے مطابق حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی نظرثانی (ریویو) اور اپیل سے متعلق درخواستیں بھی آن لائن قبول کی جائیں گی۔ نظرثانی مسترد ہونے کی صورت میں مقررہ مدت کے اندر ایڈیشنل چیف سکریٹری/پرنسپل سکریٹری، اعلیٰ تعلیم کے محکمہ کے سامنے اپیل پیش کرنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔اعلیٰ تعلیم کے محکمہ کی یہ پہل کالجوں کے قیام اور تعلیمی سرگرمیوں کے توسیع کی اجازت دینے کے عمل میں شفافیت، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور انتظامی جوابدہی کو مضبوط کرے گی۔ اس سے درخواست کے ہر مرحلے کی منظم جانچ، زمین اور دستاویزات کی تصدیق اور مقررہ وقت میں فیصلے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
آن لائن درخواست پورٹل اور تفصیلی رہنما کتابچہ:
تفصیلی ہدایات اور رہنما کتابچہ اعلیٰ تعلیم کے محکمہ کی ویب سائٹ https://pvtclgnoc.highereducation.mp.gov.in/login پر دستیاب ہیں۔تکنیکی معاونت کے لیے ہیلپ لائن نمبر 7694009758 اور ای میلdhe_noc_support@itscglobal.com پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔









