بھوپال:21؍نومبر:گورنر مسٹر منگو بھائی پٹیل نے ہفتہ کے روز ودیشا میں برہما کماریز سماجی خدمت شعبہ کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔ پروگرام کا انعقاد ودیشا کے رابندر ناتھ ٹیگور ثقافتی آڈیٹوریم میں ’’باوقار بڑھاپے اور عزت دار زندگی کا سنگم‘‘ کے موضوع پر کیا گیا۔ یہ پروگرام حکومت ہند کی وزارتِ سماجی انصاف و اختیارات اور برہما کماریز سماجی خدمت شعبہ کے درمیان ہوئے مفاہمت نامے (ایم او یو) کے تحت منعقد کیا گیا۔
گورنر مسٹر منگو بھائی پٹیل نے بزرگوں کے احترام، ان کی دیکھ بھال، خاندانی ذمہ داریوں اور سماج میں بزرگوں کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت میں والدین کا مقام سب سے اعلیٰ مانا گیا ہے۔ والدین اپنے بچوں کی پرورش اور بہتر مستقبل کے لیے زندگی بھر متعدد قربانیاں دیتے ہیں اور جدوجہد کرتے ہیں۔ وہ بچپن سے ہی بچوں کی ضروریات، صحت، تعلیم اور خوشیوں کا خاص خیال رکھتے ہیں، لیکن بچے بڑے ہونے کے بعد اپنے والدین کا مناسب خیال نہیں رکھ پاتے۔ یہ ایک سنجیدہ غور و فکر کا موضوع ہے۔ گورنر مسٹر پٹیل نے کہا کہ بزرگوں کا احترام اور مناسب دیکھ بھال ہر اولاد کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
گورنر مسٹر پٹیل نے کہا کہ بڑھاپے میں متعدد وجوہات کی بنا پر جسمانی کمزوریاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اس عمر میں بزرگ والدین کئی کاموں کے لیے اپنے بچوں پر انحصار کرنے لگتے ہیں۔ ایسے وقت میں اولاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ والدین کی خصوصی دیکھ بھال کرے۔ ان کی ضروریات کو صبر کے ساتھ سمجھے اور انہیں جذباتی سہارا فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھاپے میں بزرگوں کو صرف جسمانی تعاون ہی نہیں، بلکہ خاندان میں احترام، اپنائیت اور محبت کا احساس دلانا بھی بہت ضروری ہے، تاکہ وہ ذہنی طور پر مضبوط رہیں اور عزت کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
گورنر مسٹر پٹیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بزرگوں کی صحت اور علاج کی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہریوں کے آیوشمان کارڈ بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے ذریعے اہل بزرگ شہریوں کو مقررہ ضوابط کے مطابق سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس سہولت سے جہاں ایک طرف بزرگوں کو صحت سے متعلق علاج میں مدد مل رہی ہے، وہیں ان کے بچوں کو والدین کے علاج کی فکر سے بھی راحت ملتی ہے۔
گورنر مسٹر پٹیل نے کہا کہ ہم زندگی میں سنتوں اور مذہبی رہنماؤں کے انسانی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد واعظ سنتے ہیں، لیکن کئی بار ان خیالات کو اپنے رویے اور عمل میں نہیں اتار پاتے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اچھی باتیں سننا کافی نہیں ہے، بلکہ انہیں روزمرہ کی زندگی میں اپنانا بھی ضروری ہے۔ والدین کی خدمت، بزرگوں کا احترام اور ضرورت مندوں کی مدد جیسے انسانی اقدار آنے والی نسلوں کو بھی ترغیب دیتے ہیں۔گورنر مسٹر پٹیل نے کہا کہ خاندان اور سماج میں بزرگوں کا تجربہ بیش قیمت ہوتا ہے۔ ان کے تجربات اور رہنمائی سے نئی نسل کو زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب ملتی ہے۔
وہیں بزرگوں کے تئیں احترام، حساسیت اور تعاون کا جذبہ برقرار رکھنا ہر خاندان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام بزرگ شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ذہن کو ہوشیار اور فعال رکھیں اور مثبت سوچ کے ساتھ زندگی گزاریں۔ خاندان میں نئی نسل کو اپنی ذمہ داریوں کے مطابق فیصلے لینے کا موقع دیں۔ بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، ہم آہنگی اور خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔
گورنر مسٹر پٹیل نے چراغ روشن کرکے پروگرام کا افتتاح کیا۔ برہما کماریز ادارے کی جانب سے انہیں یادگاری نشان پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔ نگرپالیکاکی صدر محترمہ پریتی راکیش شرما نے بھی گلدستہ اور یادگاری نشان پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔
پروگرام سے مدھیہ پردیش انسانی حقوق کمیشن کے صدر مسٹر اودھیش پرتاپ سنگھ اور پرجاپتا برہما کماری ایشوریہ یونیورسٹی کی مدھیہ پردیش کوآرڈینیٹر اور مکھرجی نگر مرکز کی ریکھا دیدی نے بھی خطاب کیا اور بزرگوں کے احترام، مثبت طرزِ زندگی اور روحانی اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ودیشا کے رکن اسمبلی مسٹر مکیش ٹنڈن نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا آغاز اور اختتام قومی ترانے اور قومی گیت کے ساتھ کیا گیا۔
پروگرام میں کروائی کے رکن اسمبلی مسٹر ہری سنگھ سپرے، کلکٹر مسٹر انشول گپتا، پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر روہت کاشوانی، برہما کماریز سماج کے عہدیداران، معزز شہری، سماجی کارکنان اور بڑی تعداد میں عام شہری موجود تھے۔