بھوپال:02؍نومبر: : مدھیہ پردیش کے 71 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کوہِ فضا بھوپال میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب کی سرپرستی آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین (AIMIM) کے مدھیہ پردیش صدر جناب محسن علی خان نے فرمائی۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جناب محسن علی خان نے تمام اہلِ ریاست کو یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کی رفتار کو مزید سنجیدگی اور تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نوجوان طبقہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ میدانِ عمل میں ہے، انہیں صحیح سمت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر سے گاؤں تک تعلیم کی شمع روشن ہونی چاہیے۔ کھیت کھلیان سے لے کر انڈسٹری تک ہر شعبے میں نئی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پردیش کے اکابرین جیسے جناب شنکر دیال شرما اور دیگر معزز ہستیوں نے جو خواب دیکھے تھے، انہیں ہم سب کو مل کر کامیابی اور دور اندیشی کے ساتھ مکمل کرنا ہے۔پروگرام کا آغاز مولانا محمد حیدر صاحب کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد معروف شاعر جناب ثروت زیدی بھوپالی نے حمد و نعت کا نذرانہ پیش کیا۔
تقریب میں مقررین نے یومِ تاسیس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ قاضی سید انس علی ، جناب شہزاد احمد جمی ، جناب محمد آدم ، جناب سنجیو کمار ، جناب مجاہد علی خان سمیت دیگر معزز مقررین نے جامع اور مدلل انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں نامور شعرائے کرام فاضل فیض، فرحان منظر، نعمان خان غازی ، یاسر عابدی اور محترم فیض یاب نقوی نے یومِ تاسیس کے حوالے سے اپنا کلام پیش کیا، جسے سامعین نے خوب داد و تحسین سے نوازا۔ اس موقع پر A I M I M تنظیم کی جانب سے تمام شعراء اکرام کا شال اوڑھا کر اعزاز بھی کیا گیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض معروف شاعر جناب ثروت زیدی بھوپالی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔تقریب میں ریاست بھر سے کئی نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ خواتین کی کثیر تعداد نے بھی اپنی موجودگی درج کرائی۔پروگرام کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔








