ایپوہ (ملائیشیا) 11 مئی (یو این آئی) جاپان نے پاکستان کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-1 سے شکست دے کر سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ جیت لیا ہے۔ہفتہ کو کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک دو دو گول سے برابر تھیں جس کے بعد فیصلہ شوٹ آؤٹ میں ہوا۔ جاپان نے ریوما اوکا کے ذریعے شوٹ آؤٹ میں برتری حاصل کی، جبکہ اس کے ساتھیوں نے رفتار کو برقرار رکھا اور دیگر تین گول داغے۔ دریں اثنا، پاکستان نے پہلے دو مواقع گنوا دیے جبکہ تیسری کوشش میں عماد بٹ نے گیند کو جال دیا۔اس سے قبل تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے دو گول کرنے کے بعد جاپان نے واپسی کرتے ہوئے اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔ کازوماسا ماتسوموتو نے 47ویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔تیسرے کوارٹر کے 34ویں منٹ میں اعزاز احمد اور 37ویں منٹ میں عبدالرحمان نے گول کیا۔ اس سے قبل سیرین تاناکا نے 12ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے پہلا گول کر کے برتری حاصل کر لی۔واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال میں پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔سلطان اذلان شاہ کپ 2024 کے راؤنڈ میچز جمعہ کو اختتام پذیر ہوئے، جاپان اور پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیموں کے طور پر باقی ہیں۔ جاپان 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا۔ اس نے چار میچ جیتے اور صرف ایک ڈرا ہوا جبکہ پاکستان 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔