مکیش اور محمد شامی کی شاندار گیندبازی، مشرقی زون دلیپ ٹرافی کے فائنل میں
بنگلورو، یکم ستمبر (یو این آئی) مکیش کمار کے چار اور محمد شامی کے تین وکٹوں کی بدولت مشرقی زون نے دلیپ ٹرافی کے سیمی فائنل میں وسطی زون کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔مکیش اور شامی کی شاندار بولنگ کے سامنے وسطی زون کی دوسری اننگز 158 رنز پر سمٹ گئی، جس کے بعد مشرقی زون کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف ملا۔ مشرقی زون نے 39.3 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا کر کامیابی حاصل کر لی۔ویبھَو سوریہ ونشی نے 40 رنز بنائے، جبکہ کپتان ایشان کشن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر ناٹ آوٹ 39 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ سودیپ کمار گھرامی نے 14 رنز بنائے اور محمد شامی آٹھ رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔وسطی زون کی جانب سے ہرش دوبے نے چار وکٹیں لے کر مشرقی زون کو مشکلات میں ڈالا، تاہم ہدف زیادہ بڑا نہ ہونے کی وجہ سے مشرقی زون کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔اس سے قبل وسطی زون نے اپنی دوسری اننگز تین وکٹ پر 45 رنز سے آگے شروع کی، لیکن مکیش اور شامی کی خطرناک بولنگ کے سامنے اس کے بلے باز زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔
رنکو سنگھ نے 20، ہرش دوبے نے 24 اور ارشد خان نے 25 رنز بنائے۔