بھوپال، 7 ستمبر: مدھیہ پردیش کے بالائی حصوں میں مانسون کے دو سسٹم فعال ہونے کے باعث ریاست میں اگلے چار دنوں تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) بھوپال کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریوا اور ساگر ڈویژن کے 6 اضلاع—نواڑی، ٹیکم گڑھ، چھترپور، پنا، ستنا اور ریوا—میں موسلادھار بارش کی زرد وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ بھوپال، اندور، اجین، گوالیار، جبل پور اور نرمدا پورم سمیت ریاست کے بیشتر اضلاع میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔موسلا دھار بارش کے دوران ریاست کے دو مختلف علاقوں سے ہلاکتوں کے اندوہناک واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ گوالیار کے بھیتروار میں واقع مذہبی مقام دھومیشور دھام میں اتوار کی شام دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے آیا مکیش نامی نوجوان طغیانی زدہ سندھ ندی کے تیز بہاؤ میں پھنس گیا؛ دوستوں نے تولیوں کی مدد سے رسی بنا کر اسے بچانے کی کوشش کی اور وہ تقریباً 38 سیکنڈ تک رسی تھامے رہا، لیکن پانی کے تیز دباؤ کے باعث ہاتھ چھوٹ جانے سے وہ ندی میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ دوسری جانب، اندور میں شدید بارش کے دوران جیل روڈ پر ایک چلتی کار پر قدیم املی کا بھاری درخت گر پڑا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کار ڈرائیو کرنے والی خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ گاڑی میں سوار دو دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔