بھوپال:17؍نومبر:(پریس ریلیز) مدھیہ پردیش کے ضلع شاجاپور کے ڈوپاڑا میں ایک مکان کو منہدم کیے جانے کے معاملے نے انتظامیہ کے طریقۂ کار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس معاملے میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے مدھیہ پردیش ریاستی صدر محسن علی خان نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے انہدامی کارروائی کو مبینہ طور پر غیر آئینی قرار دیا ہے اور پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
غورطلب ہے کہ نوٹس دینے کے اگلے ہی روز صبح 4 بجے مکان منہدم کرنے کا الزام، ریاستی صدر محسن علی خان نے غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔
محسن علی خان کے مطابق متاثرہ خاندان کو 12 نومبر کو انہدام کا نوٹس دیا گیا، لیکن اگلی ہی صبح تقریباً 4 بجے مکان کو منہدم کر دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو نہ تو مناسب وقت دیا گیا اور نہ ہی قانونی چارہ جوئی کے لیے معقول موقع فراہم کیا گیا۔انہوں نے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے In Re: Directions in the Matter of Demolition of Structures (13 نومبر 2024) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے انہدامی کارروائی سے قبل کم از کم 15 دن کا نوٹس اور ضروری قانونی طریقۂ کار اختیار کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ایسے میں محض ایک دن کے اندر، وہ بھی علی الصبح مکان منہدم کیے جانے کا معاملہ انتہائی تشویشناک ہے۔
محسن علی خان نے سوال اٹھایا کہ آخر انتظامیہ کو اتنی جلد بازی کیوں تھی؟ کیا متاثرہ خاندان کو اپنے قانونی حقوق استعمال کرنے کا موقع دینا ضروری نہیں تھا؟ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس طرح کی کارروائی انتظامی جانبداری اور مبینہ سیاسی انتقام کے شبہات کو جنم دیتی ہے۔
AIMIM ریاستی صدر نے مطالبہ کیا کہ ڈوپاڑا میں ہونے والی انہدامی کارروائی کی اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور اس کارروائی میں ملوث پائے جانے والے تمام ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئینِ ہند اور سپریم کورٹ کی ہدایات کسی بھی حکومت یا انتظامیہ کی صوابدید کی پابند نہیں ہیں۔ اقتدار میں بیٹھے افراد یا افسران کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق آئینی اصولوں اور عدالتی ہدایات کو نظر انداز کریں۔محسن علی خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہے اور کسی بھی شہری کے آئینی و قانونی حقوق کی پامالی برداشت نہیں کی جائے گی۔