نئی دہلی، 17 نومبر: کانپور سنٹرل ریلوے اسٹیشن پر اپنے رشتہ داروں کو بنارس سے نئی دہلی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس (ٹرین نمبر 22415) میں بٹھانے آئے 12 افراد کو کوچ کے اندر جانا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب سگنل ملتے ہی ٹرین کے آٹومیٹک دروازے بند ہو گئے اور وہ اندر ہی پھنس کر رہ گئے۔ ان افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جنہوں نے ٹرین روانہ ہوتے ہی عملے سے دروازے کھولنے کی درخواست کی اور کچھ مسافروں نے ہنگامہ آرائی بھی کی، تاہم خودکار نظام کے باعث راستے میں دروازے کھولنا ممکن نہیں تھا جس کے نتیجے میں انہیں کانپور سے 139 کلومیٹر دور اٹاوہ تک کا غیر ارادی سفر کرنا پڑا۔شمال وسطی ریلوے کے چیف پی آر او شیوم شرما نے بتایا کہ وندے بھارت ٹرینوں میں حفاظتی معیارات کے تحت آٹومیٹک دروازے نصب ہوتے ہیں اور بغیر اجازت کوچوں میں داخل ہونا ممنوع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام 12 افراد بغیر پلیٹ فارم ٹکٹ کے اپنے عزیزوں کو رخصت کرنے کے لیے ٹرین میں سوار ہوئے تھے، جنہیں اٹاوہ اسٹیشن پر اتار کر بغیر جائز ٹکٹ سفر کرنے اور ضابطوں کی خلاف ورزی کے الزام میں مجموعی طور پر 36 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔









