نئی دہلی، 17 نومبر (یواین آئی) سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کی مشہور اوپننگ جوڑی ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما آئندہ آئی پی ایل سیزن میں ایک ساتھ نظر نہیں آئے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیائی بلے باز ٹریوس ہیڈ نے مصروف بین الاقوامی شیڈول کے پیش نظر اپنی ذمہ داریوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے آئی پی ایل 2027 سے دستبردار ہونے کے فیصلے سے فرنچائز کو آگاہ کر دیا ہے۔ہیڈ کی عدم دستیابی سے حیدرآباد کی بلے بازی کو بڑا جھٹکا لگے گا، تاہم نیلامی کے لیے ٹیم کے پاس 14 کروڑ روپے اضافی ہوں گے۔ فرنچائز نے انہیں 2025 کی میگا نیلامی سے قبل 14 کروڑ روپے میں برقرار رکھا تھا۔ آئی پی ایل کی منظوری کے بعد یہ رقم ٹیم کے نیلامی بجٹ میں شامل ہو جائے گی۔
آسٹریلیا کے مصروف کرکٹ شیڈول کو دیکھتے ہوئے ہیڈ کا یہ فیصلہ غیر متوقع نہیں ہے۔ 2027 میں آسٹریلیا کو 20 ٹیسٹ میچوں کے علاوہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ممکنہ فائنل، ایشز سیریز اور ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی حصہ لینا ہے۔ اسی وجہ سے آسٹریلیائی ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کے کام کے بوجھ کو متوازن رکھنے پر غور کر رہی ہے۔ہیڈ نے 2024 کی نیلامی میں 6.8 کروڑ روپے میں حیدرآباد کی ٹیم میں جگہ بنائی تھی۔ انہوں نے آئی پی ایل میں اب تک ایس آر ایچ کے لیے 43 میچوں میں 1351 رن بنائے ہیں۔ ابھیشیک شرما کے ساتھ ان کی جوڑی نے جارحانہ بلے بازی سے لیگ میں اوپننگ کے انداز کو نئی سمت دی۔ دونوں نے 42 اننگز میں 1892 رن بنائے، جس میں چھ سنچری اور نو نصف سنچری شراکتیں شامل ہیں۔ ان کا رن بنانے کا اوسط 12.27 رن فی اوور رہا، جو آئی پی ایل کی تاریخ میں کم از کم ایک ہزار رن کی شراکت کرنے والی جوڑیوں میں سب سے زیادہ ہے۔دریں اثنا، حیدرآباد نے کھلاڑیوں کی تبدیلی کے تحت ٹی نٹراجن، خلیل احمد اور ناتھن ایلس کو ٹیم میں شامل کیا ہے، جبکہ لیام لیونگسٹون، جیک ایڈورڈز اور ذیشان انصاری ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔