بھوپال:12؍نومبر:بڑے ہی رنج و غم اور قلبی صدمے کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ مدھیہ پردیش کے ممتاز عالمِ دین، فقیہ، محدث اور صاحبِ نسبت بزرگ حضرت مولانا مفتی رحمت اللہ قاسمی صاحب کا حرکتِ قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال ہوگیا۔ ان کی رحلت سے نہ صرف شہر برہان پور بلکہ پورے مدھیہ پردیش کے علمی، دینی اور اصلاحی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
حضرت مولانا مفتی رحمت اللہ قاسمیؒ علمی و دینی اعتبار سے ایک ممتاز مقام کے حامل تھے۔ آپ شہر برہان پور میں مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیرِ اہتمام قائم دارالقضا کے قاضی القضاۃ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ فقہی بصیرت، علمی پختگی اور شرعی مسائل میں مہارت کے باعث شہر کے ممتاز مفتیانِ کرام میں آپ کا شمار ہوتا تھا۔
آپ نے برہان پور میں دارالعلوم شیخ علی متقی قائم فرمایا، جہاں کلیۃ الحدیث کے استاذ کی حیثیت سے تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔ درسِ حدیث، خطابت، تفسیرِ قرآن اور دینی و اصلاحی مجالس کے ذریعے عوام و خواص کی علمی و فکری رہنمائی آپ کا خصوصی امتیاز تھا۔ حضرت شیخ علی متقیؒ، صاحبِ تصنیف ’’کنز العمال‘‘ کی علمی و دینی خدمات اور ان کے تعارف و نسبت کو عام کرنے میں بھی آپ نے نمایاں کردار ادا کیا۔ آپ کا حسنِ انتظام، سادگی، تواضع اور اخلاص اہلِ علم کے درمیان قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
روحانی اعتبار سے بھی آپ ایک صاحبِ نسبت بزرگ تھے۔ حضرت مولانا ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ سے آپ کو شرفِ بیعت و ارادت حاصل تھا، اور ان کے وصال کے بعد حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب دامت برکاتہم سے تجدیدِ بیعت کی سعادت حاصل کی۔
راقم الحروف کو حضرت مولانا مفتی رحمت اللہ قاسمیؒ سے ایک دیرینہ علمی، فکری اور قلبی تعلق حاصل تھا۔ وہ میری تصنیفات کا مطالعہ فرماتے، ان سے استفادہ کرتے اور وقتاً فوقتاً اپنی حوصلہ افزا آرا سے نوازتے رہتے تھے۔ ان کی محبت، خلوص اور قدر افزائی میرے لیے ہمیشہ باعثِ مسرت و افتخار رہی۔ جب بھی بھوپال تشریف لاتے تو نہایت محبت سے فرماتے: ’’مفتی صاحب! آپ کے کاموں سے دل ہمیشہ مسرور ہوتا ہے۔‘‘ ان کے یہ محبت بھرے کلمات اور حوصلہ افزا انداز ہمیشہ یاد رہیں گے۔
بلاشبہ حضرت مولانا مفتی رحمت اللہ قاسمیؒ کی وفات مدھیہ پردیش کے علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی خسارہ ہے۔ ان کی علمی خدمات، تدریسی جدوجہد، فقہی بصیرت، دینی تگ و دو اور اصلاحی کاوشیں مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔ ایسے مخلص اہلِ علم کا اٹھ جانا صرف ایک شخصیت کا رخصت ہونا نہیں، بلکہ ایک علمی و روحانی سرمایہ کا کم ہوجانا ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ حضرت مولانا مفتی رحمت اللہ قاسمیؒ کی تمام دینی، علمی، تدریسی اور اصلاحی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے، لغزشوں سے درگزر فرمائے، قبر کو نور و راحت کا گہوارہ بنائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ پسماندگان، متعلقین، تلامذہ اور تمام اہلِ علم کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم نصیب فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔









