بھوپال:12؍نومبر:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے کہا ہے کہ ضلع اسپتال بھنڈ کو مثالی اسپتال کے طور پر تیار کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو معیاری صحت خدمات فراہم کی جا سکیں اور مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں بھیجنے کی صورت حال پیدا نہ ہو۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے اسپتال کے احاطے میں نو تعمیر شدہ 100 بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ صحت یونٹ اور 50 بستروں پر مشتمل کریٹیکل کیئر یونٹ کا معائنہ کیا اور ہدایات دیں کہ پرانی عمارت کے جن وارڈوں کی چھت کمزور ہے، انہیں ایک ہفتے کے اندر نئی عمارت میں منتقل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر پرانی عمارت کے صرف اسی حصے کا استعمال کیا جائے جس کی ساخت مضبوط ہو اور پرانی عمارت کے خستہ حال اور تباہ شدہ وارڈوں میں صحت خدمات جاری نہ رکھی جائیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع اور اسپتال انتظامیہ کی جانب سے پرانی عمارت کی مرمت کی ضرورت بتائی گئی ہے، جس کا تفصیلی جائزہ لے کر محکمہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایات دیں کہ کریٹیکل کیئر یونٹ کے دونوں ماڈیولر آپریشن تھیٹر فعال کیے جائیں۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے بھنڈ کے دورے کے دوران ضلع اسپتال کا معائنہ کرکے یہ ہدایات دیں۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے اس موقع پر کہا کہ صحت خدمات کو مزید مؤثر بنایا جائے، تاکہ ہر مریض کو بہتر دیکھ بھال مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ عملے کی کمی دور کرنے کے لیے منظور شدہ عہدوں پر ماہر ڈاکٹروں کی بھرتی مسلسل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے پرائمری ہیلتھ سینٹروں کے لیے ضلع کو 50 ڈاکٹر ملے ہیں، اگر بنیادی صحت خدمات مضبوط ہوں گی تو ضلع اسپتال آنے والے مریضوں کی تعداد میں کمی آئے گی۔انہوں نے ہدایات دیں کہ 30 سال سے زیادہ عمر کے افراد میں غیر متعدی امراض کی جانچ میں تیزی لائی جائے، تاکہ بلڈ پریشر، شوگر، فیٹی لیور اور کینسر جیسی بیماریوں کا بروقت پتہ چل سکے اور شہریوں میں سنگین بیماریوں کے واقعات میں کمی آئے۔انہوں نے ذیلی صحت مراکز سے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دینے کی بھی ہدایات دیں، تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی معیاری صحت خدمات پہنچائی جا سکیں۔
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ریوا مسٹرجناردن مشرا، مسٹرویریندر گپتا، کلکٹر مسٹرپون جین، پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹرسورج ورما، ایڈیشنل کلکٹر مسٹرراجن بی ناڈیا سمیت دیگر افسران موجود تھے۔









