بھوپال، 11 نومبر (پریس ریلیز): ممتاز مجاہدِ آزادی، مفسرِ قرآن، مفکر اور آزاد بھارت کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ ولادت (قومی یومِ تعلیم) کے موقع پر بھوپال کی فعال سماجی و تعلیمی تنظیم بے نظیر انصار ایجوکیشنل سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام اُسیا رسارٹ،کوہِ فضا بھوپال میں ایک قومی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ مذاکرے میں ممتاز ماہرینِ تعلیم، دانشوروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے مولانا آزاد کی قومی، تعلیمی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی تعلیمات کو ہر عہد کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔قومی مذاکرے کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر انجم بار بنکوی نے کہا کہ مولانا آزاد نے آزادی کے بعد بھارت کی ہمہ جہت ترقی کے لیے جس جدید، سائنسی اور وسیع النظر تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی تھی، آج ملک اسی فکری بنیاد پر آگے بڑھتے ہوئے چندریان جیسے اہم سائنسی مشن میں کامیابی حاصل کر رہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مولانا آزاد کی فکر اور تعلیمی نظریات کا سنجیدگی سے مطالعہ کریں اور انہیں عملی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کریں۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی ممتاز سائنسداں تسنیم حبیب نے کہا کہ مولانا آزاد کی فکر میں بھارت کا اتحاد، قومی یکجہتی اور جدید تعلیم کا فروغ بنیادی اہمیت رکھتے تھے۔ انہوں نے جس سائنسی اور جدید تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی، اسی تسلسل نے بھارت کو عالمی سطح پر اپنی شناخت مضبوط کرنے میں مدد دی۔ ان کے تعلیمی نظریات آج بھی ملک کی ترقی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز محقق، ادیب اور سینئر صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جس شخصیت نے بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا، قومی اتحاد اور مشترکہ تہذیب کے تصور کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور آزاد بھارت کے تعلیمی ڈھانچے کی تشکیل میں بنیادی خدمات انجام دیں، ان کی شخصیت اور خدمات کو سرکاری سطح پر جس وسعت، سنجیدگی اور قومی وقار کے ساتھ یاد کیا جانا چاہیے، اس کا ابھی فقدان محسوس ہوتا ہے۔ مولانا آزاد کا یومِ ولادت محض ایک رسمی تقریب یا سالانہ یادگاری دن نہیں بلکہ ملک کے تعلیمی مستقبل، قومی یکجہتی اور مشترکہ وراثت پر غور و فکر کا اہم موقع ہونا چاہیے۔ دوسرے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر قمر علی شاہ نے مولانا آزاد کے بھوپال سے تاریخی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد کی دو بہنوں آرزو بیگم اور آبرو بیگم کی شادی بھوپال میں ہوئی تھی۔ مولانا آزاد نے ریاستِ بھوپال کے لیے بھی جو خدمات انجام دیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی زندگی اور خدمات کا مطالعہ نئی نسل کے لیے ضروری ہے۔
مہمانِ ذی وقار ممتاز سماجی کارکن و معالج ڈاکٹر جاوید نعمانی نے کہا کہ مولانا آزاد نے تعلیم کو معاشرے کی ترقی اور قومی تعمیر کی بنیاد قرار دیا تھا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے تعلیمی نظریات کو سنجیدگی سے اپنائیں اور معاشرے کے ہر طبقے تک تعلیم کی روشنی پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔مہمانِ مقرر آغا ریحان حیدر حیدری نے کہا کہ تعلیم کے حصول میں کامیابیوں کے تمام راستے پوشیدہ ہیں۔ ہمیں اپنی ترجیحات تبدیل کرتے ہوئے فرسودہ رسومات اور غیر ضروری اخراجات سے گریز کرنا چاہیے اور تعلیم کو ہر حال میں اولین ترجیح دینی چاہیے۔ معاشرے کی حقیقی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں۔اس سے قبل بے نظیر انصار ایجوکیشنل سوسائٹی کے روحِ رواں ایم۔ ڈبلیو۔ انصاری-آئی پی ایس (ریٹائرڈ ڈی جی) نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پیش کیے اور مولانا آزاد کی قومی، تعلیمی اور فکری خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد محض ایک وزیرِ تعلیم نہیں تھے بلکہ وہ ایک ایسی ہمہ جہت قومی شخصیت تھے جنہوں نے آزادی کی جدوجہد، صحافت، تفسیرِ قرآن، قومی اتحاد اور جدید تعلیم کے میدان میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔ انہوں نے بھارت کی مشترکہ تہذیب، مذہبی رواداری اور ہندو مسلم اتحاد کو ہمیشہ مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ ان کا یہ پیغام آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا آزادی کے وقت تھا۔
انہوںنے مزید کہا کہ مولانا آزاد نے وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے ملک میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق، تکنیکی تعلیم اور فنون و ثقافت کے فروغ کے لیے مضبوط ادارہ جاتی بنیادیں قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے دور اور ان کی تعلیمی پالیسیوں کے تسلسل میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن، آئی آئی ٹی، ساہتیہ اکادمی، سنگیت ناٹک اکادمی اور للت کلا اکادمی جیسے اداروں کی تشکیل و ترقی کو فروغ ملا۔ یہ ادارے آج بھی ان کے تعلیمی و فکری وژن کی اہم یادگار ہیں۔
انہوںنے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ مولانا آزاد کی ان عظیم خدمات کے باوجود ان کے یومِ ولادت کو سرکاری اور قومی سطح پر اس شان، وسعت اور سنجیدگی کے ساتھ منانے کی ضرورت ہے جو ان کے مقام و مرتبے کے شایانِ شان ہو۔ قومی یومِ تعلیم کو محض رسمی تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے ملک بھر کے تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور سرکاری سطح پر خصوصی مذاکروں، تعلیمی پروگراموں، اسکالرشپ اور نئی نسل کے لیے رہنمائی کی سرگرمیوں کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔ مولانا آزاد کی خدمات کسی ایک مذہب، طبقے یا جماعت تک محدود نہیں بلکہ وہ پورے بھارت کا قومی سرمایہ ہیں۔ایم۔ ڈبلیو۔ انصاری نے مدارس کی تعلیم پر اعتراض کرنے والوں کو بھی مولانا آزاد کے تعلیمی نظریات کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد دینی تعلیم اور جدید سائنسی تعلیم کے درمیان کسی تضاد کے قائل نہیں تھے۔ وہ علم کے تمام مفید شعبوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے تھے۔ ان کے نزدیک تعلیم کا مقصد صرف روزگار حاصل کرنا نہیں بلکہ انسان کی فکری، اخلاقی اور سماجی شخصیت کی تعمیر بھی تھا۔ اس لیے مدارس، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کرنے کے بجائے تعلیم کے فروغ اور معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر انصار ایجوکیشنل سوسائٹی کا مقصد بھی تعلیم کے فروغ، محروم طبقات کی تعلیمی رہنمائی، قومی یکجہتی، محبت اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ نفرت اور تقسیم کے ماحول کو تعلیم، مکالمے، مشترکہ تہذیبی وراثت کے احترام اور ایک دوسرے کے حقوق کے تحفظ کے ذریعے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ مولانا آزاد کی زندگی اور فکر ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ بھارت کی ترقی اور مضبوطی تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کے یومِ ولادت پر حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہوگا کہ ہم ان کے تعلیمی مشن کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور نئی نسل کے لیے بہتر تعلیمی مواقع پیدا کریں۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر مہتاب عالم نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ مذاکرے میں مولانا آزاد کی تعلیمات اور تعلیمی مشن پر گفتگو کو آئندہ بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔پروگرام میں بڑی تعداد میں علیگس، صحافی حضرات، شعراء و ادباء اور دیگر لوگ موجود رہے۔









