بھوپال 12نومبر: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی ہدایت اور رہنمائی میں نکسل ازم سے آزاد ہوئے بالاگھاٹ ضلع کے متاثرہ علاقوں میں ترقی کی نئی داستان لکھنے کی تیاری ہے۔ نکسل ازم کے خاتمے کے بعد اب حکومت کی خصوصی توجہ ان علاقوں کو سڑک، بجلی، پانی، آبپاشی، تعلیم، صحت، مواصلات، سیاحت اور روزگار کی سہولیات سے جوڑ کر ترقی کی مرکزی دھارے میں لانے پر ہے۔ اس کے لیے 100 گاؤں کی مجموعی ترقی کے لیے 330 کروڑ روپے کا ایک ٹھوس منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں 266 کروڑ روپے کے کام منظور بھی ہوچکے ہیں۔ ان علاقوں کی مجموعی ترقی کے لیے حکومت کی کوششیں زمینی سطح پر ثمر آور ہونے لگی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خوف کو بھلا کر اس علاقے میں اب اعتماد اور ترقی کے نئے امکانات پروان چڑھ رہے ہیں۔نکسل متاثرہ علاقوں میں ہونے والی تبدیلیوں اور ترقی کے امکانات کو سامنے لانے کے لیے جمعرات کو پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی)، بھوپال اور ضلع انتظامیہ بالاغاٹ کے ذریعے مشترکہ میڈیا ورکشاپ منعقد کی گئی۔
ورکشاپ میں بالاگھاٹ کے ڈی آئی جی مسٹر ونییت جین نے بتایا کہ 1239 کارروائیوں کے بعد ضلع سے نکسل ازم کا خاتمہ ہوا ہے۔ بالاگھاٹ کے کلکٹر مسٹر آدتیہ سنگھ نے 100 گاؤں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے تیار کیے گئے 330 کروڑ روپے کے منصوبے کی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ ورکشاپ میں جہاں افسران نے نکسل متاثرہ علاقوں میں ترقی کی مستقبل کی حکمت عملی پر اپنے خیالات پیش کیے، وہیں نکسل متاثرہ رہ چکے گاؤں کے سرپنچوں اور نوجوانوں نے انتظامیہ کو علاقائی ترقی کے لیے دیگر ضروریات کی معلومات فراہم کیں۔قابل ذکر ہے کہ بالاغاٹ میں تقریباً 35 سال تک نکسل ازم ایک بڑا چیلنج رہا۔ مارچ 2026 تک پولیس اور سکیورٹی فورسز نے 1239 کارروائیاں کرکے ضلع سے نکسل ازم کا خاتمہ کیا۔ اب متاثرہ گاؤں میں بنیادی سہولیات کی توسیع کو ترجیح دی جارہی ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں 337 کروڑ روپے کی لاگت سے 35 سڑکوں اور 43 پلوں اور پلّیوں کے کام کرائے گئے ہیں۔ اس سے 250 گاؤں کی رابطہ سہولت بہتر ہوئی ہے۔ تقریباً 90 موبائل ٹاورز کے ذریعے یہاں مواصلاتی سہولیات کو وسعت دی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کی رہنمائی میں ان علاقوں میں چلائے جارہے ‘مشن آدی سیوا’ کے تحت قبائلی ثقافت کو محفوظ رکھتے ہوئے مقامی معیشت کو مضبوط بنانے کی بھی پہل کی جارہی ہے۔ بیگا ہاٹ، ہوم اسٹے، ثقافتی پارک، آرٹ گیلری اور ای-مارکیٹ پلیس کے ذریعے مقامی مصنوعات جیسے دستکاری، بانس کے ہنر، لکڑی کے ہنر، ریشم کی مصنوعات اور گونڈ پینٹنگز کو بازار (مارکیٹ لنکیج) فراہم کیا جارہا ہے۔ جی آئی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور علاقے کے ہر گاؤں سے روزگار کے لیے دیہی افراد کے دوسرے شہروں کی جانب نقل مکانی کا رجسٹر تیار کرنے کا نظام بھی قائم کیا جارہا ہے۔
میڈیا ورکشاپ میں دیہی افراد اور نوجوانوں نے نکسل ازم کے خاتمے کے بعد گاؤں میں بڑھی ہوئی امن، سلامتی اور حکومتی اسکیموں کی بہتر رسائی کا ذکر کیا۔ سبھی نے اسے خوشگوار تبدیلی اور ترقی کا اہم اشارہ قرار دیا۔









