دبئی25اکتوبر: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے درمیان ایران نے واضح کر دیا ہے کہ جنگ کی دھمکیوں سے وہ اپنے فیصلے نہیں بدلے گا۔ ایک طرف امریکہ کے ساتھ دوبارہ ٹکراؤ کا خطرہ منڈلا رہا ہے، تو دوسری طرف ایران اب جنگ کے بعد کی دنیا کے بارے میں سوچ رہا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جنگ ہو یا نہ ہو، ان کے ملک کی پالیسیاں نہیں بدلیں گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے امریکہ کو مزید حملے نہ کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔ تہران میں سفارت کاروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایک بار پھر جنگ کی باتیں ہو رہی ہیں۔ تاہم، وہ صرف جنگ کے خدشات پر توجہ دینے کی بجائے جنگ کے بعد کی صورتِ حال کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جنگ ہو یا نہ ہو، ایران کی پالیسیاں برقرار رہیں گی۔ ان کے اس بیان سے اشارہ ملتا ہے کہ ایران موجودہ کشیدگی کے درمیان اپنی پالیسیوں میں تبدیلی کے لیے تیار نہیں ہے۔