نئی دہلی 25اکتوبر: کامن ویلتھ کبڈی چمپئن شپ 2026 کے دوسرے دن ہندوستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ہفتے کے روز احمد آباد کے ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس میں ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے یوگانڈا کو 44-30 سے، جبکہ خواتین کی ٹیم نے سنگاپور کو 32-16 سے شکست دی۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے منظم دفاعی حکمت عملی کی بدولت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی یوگانڈا کی ٹیم کو شکست دی۔ ابتدائی منٹوں میں جب یوگانڈا نے اسکور کا فرق کم کر کے 3-4 کر دیا، تب ہندوستان نے ریڈ اور ٹیکل پوائنٹس کے ذریعے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ اس کے بعد ہندوستان نے یوگانڈا کو ’آل آؤٹ‘ کر کے 13-4 کی برتری حاصل کی۔ میچ کے باقی وقت میں بھی ہندوستان نے 2 پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی۔ شیوم پٹارے نے سب سے زیادہ 8 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ نوین کمار اور بھرت نے 6-6 پوائنٹس کا تعاون دیا۔ آدتیہ شندے اور پنکج موہتے نے چار چار پوائنٹس جوڑے۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے بھی سنگاپور کو32-16 سے شکست دے کر آسان جیت درج کی۔ ساکشی نے 6 پوائنٹس کے ساتھ ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ اسکور کیا، جبکہ رینوکا، انو اور سمن نے 4-4 پوائنٹس کا تعاون دیا۔ کپتان ندھی شرما نے 3 پوائنٹس حاصل کیے۔ سنگاپور کی جانب سے آرتی سیلوان نے سب سے زیادہ 4 پوائنٹس بنائے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں مردوں کے زمرے میں بنگلہ دیش نے کناڈا کو67-28 سے شکست دی۔ اس میچ میں میزان الرحمٰن اور ذوالفقار آکاش نے 10-10 پوائنٹس بنائے۔ وہیں سری لنکا نے ملیشیا کے خلاف بڑی جیت درج کی، جس میں ملندا چتورنگا نے16 پوائنٹس اور ودورنگا نے 11 پوائنٹس کا تعاون دیا۔ سری لنکا نے ریڈ پوائنٹس میں 35-21 اور ٹیکل پوائنٹس میں 9-5 سے ملیشیا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سنگاپور کی مردوں کی ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کو 50-28 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت حاصل کی۔
خواتین کے زمرے میں کینیا نے سری لنکا کو 23-20 سے شکست دی، جبکہ اسکاٹ لینڈ کی خواتین کی ٹیم نے انگلینڈ کو 53-36 سے ہرا کر اپنے جارحانہ کھیل سے سب کو متاثر کیا۔ کرسٹی مارٹن نے 25 پوائنٹس بنائے، جبکہ میک فرسن اور اسٹیل نے 6-6 پوائنٹس کا تعاون دیا۔ اتوار کے روز شام 6:45 بجے ہندوستانی خواتین کی ٹیم کا مقابلہ یوگانڈا سے ہوگا، جبکہ مردوں کی ٹیم رات 8 بجے ملیشیا کے خلاف کھیلے گی۔









