بھوپال، 22 اکتوبر: میونسپل کارپوریشن نے سی ایم ہیلپ لائن اور میئر ہیلپ لائن پر موصولہ شکایات کے ازالے کے تحت شہر بھر میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف جمعرات کو ایک بڑی مہم چلائی۔ میونسپل کمشنر رام پرکاش اہروار کی ہدایت پر تجاوزات مخالف عملے نے روشن پورہ، جی ٹی بی کمپلیکس، ٹی ٹی نگر، نہرو نگر، بھدبھدا، بیرا گڑھ، ایئرپورٹ روڈ، کروند، جہانگیر آباد، حمیدیہ روڈ، ریت گھاٹ، لنک روڈ اور ایم پی نگر سمیت درجنوں اہم علاقوں میں کارروائی کی۔
اس کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے عارضی ٹین شیڈ، چبوترے، دکانوں کے باہر رکھی میز کرسیاں، پنجرہ اسٹینڈ اور ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی درجنوں گاڑیاں ہٹا دی گئیں۔ عملے نے مختلف مقامات سے پٹیل نگر میں چائے کا عارضی ٹپرا اور ایئرپورٹ روڈ پر 4 غیر قانونی چھپر مسمار کیے، جبکہ ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی گاڑیوں سمیت 3 ٹھیلے، 1 گمٹی، 4 لوہے کے پائپ اور ایک ٹرک پلاسٹک کٹنگ (لوز پنی) ضبط کر لی۔









