نئی دہلی:21جولائی:بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (BCCI) نے گھریلو کرکٹ ٹورنامنٹس اور بھارت میں کھیلے جانے والے بین الاقوامی میچوں کی ٹائٹل اسپانسرشپ کے حقوق کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ موجودہ اسپانسر آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک کا تین سالہ معاہدہ اگست 2026 میں ختم ہو رہا ہے۔ بورڈ نے ایسوسی ایٹ پارٹنر رائٹس کے لیے بھی درخواستیں طلب کی ہیں۔
آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک سے قبل گھریلو اور بین الاقوامی میچوں کی ٹائٹل اسپانسرشپ کے حقوق ماسٹرکارڈ کے پاس تھے، جبکہ اس سے پہلے یہ حقوق پے ٹی ایم کے پاس رہے تھے۔
منتخب ہونے والی کمپنی کو بھارت میں ہونے والے مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کے علاوہ رنجی ٹرافی، دلیپ ٹرافی، ایرانی کپ اور جونیئر گھریلو ٹورنامنٹس کی ٹائٹل اسپانسرشپ کے حقوق حاصل ہوں گے۔
4 اگست تک دستاویزات، 13 اگست تک بولیاں جمع کرانے کی مہلت۔ٹینڈر دستاویزات خریدنے کے لیے ایک لاکھ روپے (جی ایس ٹی علیحدہ) کی ناقابلِ واپسی فیس مقرر کی گئی ہے۔ ٹینڈر دستاویزات خریدنے کی آخری تاریخ 4 اگست جبکہ بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 اگست ہے۔
آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک نے ستمبر 2023 میں بی سی سی آئی کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کیا تھا، جس کی مدت اگست 2026 میں مکمل ہو جائے گی۔ اس کے بعد بورڈ نئے ٹائٹل اسپانسر کا انتخاب کرے گا۔









