جکارتہ، 11 جولائی (یو این آئی) ایشیائی انڈر-19 و انڈر-23 باکسنگ چیمپئن شپ میں ہندوستان کے انڈر-19 مردوں کے باکسرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جس کے ساتھ ہی ہندوستان کے لیے کم از کم چھ تمغے یقینی ہو گئے۔کوارٹر فائنل میں آدتیہ (55 کلوگرام) نے فلپائن کے بارویس افرائیم جان کو 5-0 سے شکست دی، جبکہ سکندر (60 کلوگرام) نے تاجکستان کے شریف خون نورعلییف کو 4-1 سے ہرایا۔ موسم سہاگ (65 کلوگرام) بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
بھاری وزن کے مقابلوں میں دیویندر چودھری (75 کلوگرام) نے انڈونیشیا کے محمد ریحان اتھائلہ کو 5-0 سے شکست دی، ساگر (85 کلوگرام) نے دوسرے راؤنڈ میں آر ایس سی کے ذریعے ارنندا فرماندا کو ہرایا، جبکہ شبھم راجپوت (90 کلوگرام) نے پہلے ہی راؤنڈ میں نووال کو آر ایس سی کے ذریعے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔دوسری جانب امبیکر میتی لائرینلاکپ (50 کلوگرام) جاپان کے کوتارو نیشیزاکی سے 3-2 کے اسپلٹ فیصلے سے ہار گئے، لوکیش (80 کلوگرام) کو قازقستان کے تیمور تائیبیکوف کے خلاف شکست ہوئی، جبکہ لوون گولیا (90 کلوگرام) دوسرے راؤنڈ میں آر ایس سی کے ذریعے قازقستان کے ولادیسلاو ساموژونوف سے ہار گئے۔اس طرح چھ ہندوستانی باکسرز کی سیمی فائنل میں رسائی کے ساتھ انڈر-19 مردوں کے زمرے میں ہندوستان کے لیے چھ تمغے یقینی ہو گئے۔









