میامی، امریکہ، 4 جولائی (یو این آئی) لیونیل میسی کے ورلڈ کپ میں 20ویں گول کی بدولت دفاعی چیمپئن ارجنٹائنا نے جمعہ کو اضافی وقت تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے میں کیپ وردے کو 3-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ارجنٹائنا نے میسی کے ابتدائی گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم ایک گھنٹے کا کھیل مکمل ہونے سے قبل ڈیرائے ڈوارٹے نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ اضافی وقت کے آغاز میں لیسانڈرو مارٹینیز نے مشکل زاویے سے شاندار شاٹ کے ذریعے ارجنٹائنا کو دوبارہ برتری دلائی، لیکن صرف 11 منٹ بعد سڈنی لوپیس کابرال نے خوبصورت گھومتی ہوئی شاٹ پر گول کرکے اسکور ایک بار پھر برابر کر دیا۔ میچ کا فیصلہ اس وقت ہوا جب ایک کارنر کک پر ڈینی بورجیس نے گیند غلطی سے اپنی ہی ٹیم کے جال میں پہنچا دی، جس کے ساتھ ہی کیپ وردے کا تاریخی ورلڈ کپ سفر اختتام پذیر ہوگیا۔صرف پانچ لاکھ سے کچھ زائد آبادی والے کیپ وردے نے اپنے پہلے ہی ورلڈ کپ میں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرکے تاریخ رقم کی تھی اور ایسا کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک بن گیا تھا۔ ٹیم کے 40 سالہ گول کیپر ووزینیا نے ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اہم بچاؤ کیے، جن میں میسی کے کئی خطرناک شاٹس بھی شامل تھے۔ٹورنامنٹ میں یہ میسی کا ساتواں گول تھا، جس کے ساتھ وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں فرانس کے کلیان ایمباپے سے ایک گول آگے نکل گئے، جبکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی گولوں کے اعتبار سے بھی وہ ایمباپے پر دو گول کی برتری حاصل کر چکے ہیں۔
اس کامیابی کے ساتھ تین مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹائنا کا پری کوارٹر فائنل میں 7 جولائی کو اٹلانٹا میں مصر سے مقابلہ ہوگا۔ارجنٹائنا نے آغاز ہی سے گیند پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، تاہم کیپ وردے نے منظم دفاع اور پراعتماد کھیل کے ذریعے اسے زیادہ مواقع پیدا نہیں کرنے دیے۔ افریقی ٹیم نے صرف دفاع تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ موقع ملنے پر جوابی حملے بھی کیے۔ جواں کیبرال اور اسٹیون موریرا نے ونگز سے حملے کیے، جبکہ کیون پینا نے مڈفیلڈ میں ارجنٹائنا کی پاسنگ کو مسلسل متاثر کیا۔16ویں منٹ میں میسی نے پہلا واضح موقع بنایا، لیکن پینلٹی ایریا کے کنارے سے ان کا نچلا شاٹ معمولی فرق سے گول پوسٹ کے باہر چلا گیا۔ بعد ازاں کابرال کی غلط ٹیکل کے باعث ارجنٹائنا کو خطرناک مقام پر فری کک ملی، لیکن ووزینیا نے بہترین انداز میں اسے روک لیا۔ کچھ ہی دیر بعد انہوں نے اینزو فرنانڈیز کے دور سے لگائے گئے طاقتور شاٹ کو بھی ناکام بنا دیا۔29ویں منٹ میں میسی نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیسانڈرو مارٹینیز کے لمبے پاس کو بائیں پاؤں کے بیرونی حصے سے قابو کیا اور پھر زور دار شاٹ کے ذریعے گیند جال کی چھت میں پہنچا کر ارجنٹائنا کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد جنوبی امریکی ٹیم نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھتے ہوئے کھیل کی رفتار سست کر دی۔اگرچہ زیادہ تر وقت گیند ارجنٹائنا کے پاس رہی، لیکن کیپ وردے نے جوابی حملوں سے خطرہ برقرار رکھا، تاہم وہ ایمیلیانو مارٹینیز کے گول کو سنجیدہ خطرے میں ڈالنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔59ویں منٹ میں ریان مینڈیس کے پاس پر ڈیرائے ڈوارٹے نے گیند کو قابو میں لینے کے بعد مشکل زاویے سے ایمیلیانو مارٹینیز کو شکست دے کر گول اسکور کیا اور مقابلہ برابر کر دیا۔اس کے بعد ارجنٹائنا نے مسلسل حملے کیے، لیکن ووزینیا نے دو مرتبہ میسی کو گول کرنے سے روک دیا۔ پہلے وہ ون آن ون صورت حال میں کامیاب رہے، پھر ہائیڈریشن بریک سے قبل ایک شاندار فری کک بھی روک لی۔ مقررہ وقت کے اختتام پر آٹھ منٹ کے اسٹاپیج ٹائم میں بھی انہوں نے لیاندرو پاریدیس اور میسی کی کوششیں ناکام بنا دیں، جس کے باعث میچ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔
اضافی وقت کے صرف دو منٹ بعد لیسانڈرو مارٹینیز نے کارنر کک پر دفاعی ناکامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے طاقتور شاٹ کے ذریعے ارجنٹائنا کو دوبارہ برتری دلا دی۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد سڈنی لوپیس کابرال نے ایک شاندار گول کرکے مقابلہ پھر برابر کر دیا۔
111ویں منٹ میں ارجنٹائنا نے تیسری مرتبہ برتری حاصل کی، جب میسی کی کارنر کک پر کرسٹیان رومیرو کا ہیڈر ڈینی بورجیس سے ٹکرا کر اپنی ہی ٹیم کے جال میں چلا گیا۔
اس کے بعد کیپ وردے نے ایک مرتبہ پھر برابری کی بھرپور کوشش کی، لیکن ایمیلیانو مارٹینیز نے سڈنی لوپیس کابرال کی کوشش ناکام بنا دی، جبکہ لیونیل اسکیلونی کی زیرقیادت ارجنٹائنا نے آخری لمحات کا دباؤ برداشت کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔









