مانچسٹر: 04؍جولائی :ویبھو سوریہ ونشی کے بین الاقوامی کیریئر کے پہلے ہی میچ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دوسرے ٹی-20 میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ ایشان کشن نے 49، ابھیشیک شرما نے 43 اور کپتان شریاس ایئر نے 37 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ آخر میں تلک ورما نے صرف 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 190 تک پہنچایا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ جیکب بیتھل نے شاندار ناقابلِ شکست 76 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ انہوں نے روی بشنوئی کے ایک اوور میں 29 رنز بنا کر میچ کا رخ مکمل طور پر انگلینڈ کے حق میں موڑ دیا۔انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک اور ٹام بینٹن نے بھی 39، 39 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس میچ میں 15 سال اور 99 دن کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والے ویبھو سوریہ ونشی بھارت کے کم عمر ترین انٹرنیشنل کرکٹر بن گئے۔ انہوں نے اپنی پہلی اننگز میں 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے، جن میں 2 شاندار چھکے بھی شامل تھے۔انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔