لندن، 30 جون (یواین آئی) ایشلے گارڈنر (2 وکٹیں اور ناٹ آؤٹ 35 رنز) کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور بیتھ مونی (ناٹ آؤٹ 61 رنز) کی طوفانی نصف سینچری کی بدولت آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے روند کر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 125 رنز پر روکنے کے بعد، مطلوبہ ہدف محض 13 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔126 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 3 اوورز میں 29 رنز بنا کر جارحانہ آغاز کیا۔ حالانکہ، جارجیا ویئرہم (16) اور فوبی لچفیلڈ (4) جلد آؤٹ ہو گئیں اور ایلس پیری (2) کمر میں تکلیف کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس لوٹ گئیں، لیکن اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے گیند باز بے بس نظر آئے۔
بیتھ مونی کو ایشلے گارڈنر کا بہترین ساتھ ملا۔ دونوں نے صرف 36 گیندوں پر 63 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت داری قائم کر کے ویسٹ انڈیز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ مونی نے 36 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی میچ جتاؤ اننگز کھیلی۔ گارڈنر نے 20 گیندوں پر 4 چوکوں اور 1 چھکے کے ساتھ 35 رنز بنائے۔ انہیں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔آسٹریلیا نے پورے میچ میں تقریباً 9 رنز فی اوور کی رفتار سے اسکور کیا اور پاور پلے میں وکٹیں گرنے کے باوجود رن ریٹ کا دباؤ خود پر آنے نہیں دیا۔اس سے قبل، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑ کر اچھی شروعات کی تھی۔ کپتان ہیلی میتھیوز نے کچھ اچھے چوکے لگائے، لیکن دوسری اوپنر کیانا جوزف پورے میچ میں ٹائمنگ کے لیے جدوجہد کرتی نظر آئیں۔پاور پلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے باقاعدگی سے وکٹیں گنوائیں اور اس کا اسکور 6 وکٹ پر 83 رنز ہو گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے سوفی مولینیو، ایشلے گارڈنر اور جارجیا ویئرہم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آخری اوورز میں چوٹ کا شکار ڈیانڈرا ڈوٹن نے 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو 125 رنز کے قابلِ عزت اسکور تک پہنچایا، جو آسٹریلیا کو روکنے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوا۔









