لدھیانہ، 14 جون (یو این آئی) ہندوستان کے ابھرتے ہوئے ایتھلیٹ تیجس شرسے نے انڈین ایتھلیٹکس سیریز 2026 کے نویں مرحلے میں مردوں کے 110 میٹر ہرڈلز مقابلے میں اپنا ہی قومی ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔پنجاب کے گرو نانک اسٹیڈیم میں ہفتہ کو منعقدہ مقابلے میں 24 سالہ تیجس شرسے نے 13.27 سیکنڈ کا وقت درج کیا، جو ان کے سابقہ قومی ریکارڈ 13.41 سیکنڈ سے 0.14 سیکنڈ بہتر ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 2024 میں فن لینڈ میں منعقدہ ایک ایتھلیٹکس میٹ میں قائم کیا تھا۔تیجس شرسے کے نام 60 میٹر انڈور ہرڈلز کا قومی ریکارڈ بھی ہے، جس میں انہوں نے 7.64 سیکنڈ کا وقت درج کیا تھا۔انہوں نے اس مقابلے میں کرشک ایم (13.55 سیکنڈ) اور مادھویندر سنگھ (14.00 سیکنڈ) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔مردوں کے 110 میٹر ہرڈلز مقابلے میں شرسے نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز 2026 کے لیے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا (اے ایف آئی) کے کوالیفائنگ معیار 13.39 سیکنڈ کو بھی عبور کر لیا۔
تیجس شرسے نے کہا، ”رانچی اور چینی تائپے میں پوڈیم پر جگہ بنانے کے باوجود کامن ویلتھ گیمز کے لیے کوالیفائی کرنے سے معمولی فرق سے محروم رہنے کے بعد میں نے اپنی سوچ بدل لی۔ میں نے خود سے کہا کہ یہ ایک ‘فری ہٹ’ ہے۔ آپ کامل شاٹ لگانے کی کوشش نہیں کرتے، بلکہ پوری آزادی کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ میں نے بغیر کسی دباؤ کے آغاز کیا، اسے ٹریننگ کی طرح لیا اور اپنے قدموں کو اپنا کام کرنے دیا۔اے ایف آئی نے لدھیانہ میں منعقدہ انڈین ایتھلیٹکس سیریز-9 کو آئندہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے دوسرا سلیکشن ٹرائل قرار دیا ہے۔









