لندن،9 جون (یواین آئی ) فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جہاں دنیا کی بہترین فٹبال ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، وہیں آٹھ بھائیوں کی جوڑیاں بھی ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گی، جن میں سے چار مختلف ممالک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ برطانوی سپورٹس ویب سائٹ ایچ آئی ٹی سی کی ای رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ میں شریک ہونے والے یہ بھائی نہ صرف خاندانی رشتوں بلکہ مختلف قومی شناختوں کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
سب سے دلچسپ کہانی ڈوئے برادران کی ہے۔ گیلا ڈوئے آئیوری کوسٹ کی قومی ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی دیزیرے ڈوئے فرانس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اسی طرح ایتھلیٹک بلباؤ سے تعلق رکھنے والے ایناکھی ولیمز اور نیکو ولیمز بھی مختلف ممالک کے لیے کھیلتے ہیں۔ ایناکھی نے گھانا کی نمائندگی کا فیصلہ کیا جبکہ نیکو اسپین کی قومی ٹیم کا حصہ ہیں اور یورو 2024 جیتنے والی ٹیم میں شامل رہے تھے۔ گھانا کے مدافع ڈیرک لکاسن اور نیدرلینڈز کے فارورڈ برائن بروبی بھی بھائی ہیں لیکن مختلف قومی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اسی طرح جان ساؤٹر اسکاٹ لینڈ جبکہ ان کے بھائی ہیری ساؤٹر آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔
ایک ہی ملک کے لیے کھیلنے والے بھائی
فرانس کی ٹیم میں لوکاس ہرنانڈیز اور تھیو ہرنانڈیز دونوں شامل ہیں۔ لوکاس 2018 میں ورلڈ کپ جیتنے والی فرانسیسی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ تھیو موجودہ سکواڈ کے اہم دفاعی کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ نیدرلینڈز کی ٹیم میں کوئنٹن ٹمبر اور یورین ٹمبر ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔
کیپ ورڈے کی قومی ٹیم کے لیے لاروس دوارٹے اور ڈیروئے دوارٹے میدان میں اتریں گے۔ اسی طرح کیوراساؤ کی ٹیم میں لیانڈرو باکونا اور جونینو باکونا بھی شامل ہیں، جن میں لیانڈرو ٹیم کے کپتان سمجھے جاتے ہیں۔