نئی دہلی، 17 مئی (یواین آئی )دھرو جریل، کپتان ریان پراگ اور ویبھو سوریا ونشی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت راجستھان رائلز نے دہلی کیپٹلز کے خلاف اتوار کو کھیلے جا رہے آئی پی ایل کے 62ویں میچ میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا ہے۔ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کے دہلی کے فیصلے کے بعد راجستھان کی شروعات اچھی نہ رہی اور یشسوی جیسوال صرف 12 رنز بنا کر لنگی اینگیڈی کا شکار ہو گئے۔ تاہم، اس کے بعد دھرو جریل اور ویبھو سوریا ونشی نے دوسری وکٹ کے لیے 70 رنز کی برق رفتار شراکت داری قائم کی۔
ویبھو سوریہ ونشی نے محض 21 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں مادھو تیواری نے آؤٹ کیا۔ریان پراگ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 23 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 26 گیندوں پر 51 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ایک موقع پر جب راجستھان بڑے مجموعے کی طرف بڑھ رہا تھا، 15ویں اوور میں میچل اسٹارک نے کھیل کا پانسا پلٹ دیا۔ اسٹارک نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کر کے رنز کی رفتار کو بریک لگا دیا۔دوسری گیند پر سیٹ بلے باز ریان پراگ کو آؤٹ کیا۔اگلی ہی گیند پر ڈونوون فریرا کو صفر پر پویلین بھیجا اسی اوور کی پانچویں گیند پر روی سنگھ (5) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔اسٹارک نے اپنے کوٹے کے آخری اوور میں دشن شانکا کو آؤٹ کر کے اپنی 4 وکٹیں مکمل کیں۔دھرو جریل نے ایک سرا سنبھالے رکھا اور 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ وہ آخری اوور میں لنگی اینگیڈی کا شکار بنے۔ راجستھان نے مقررہ 20 اوورز میں 193/8 کا اسکور ترتیب دیا۔









