دھرم شالہ: 14 مئی (یواین آئی )پربھسمرن سنگھ (57)، عظمت اللہ عمرزئی (38) اور آخری اوورز میں نچلے آرڈرں کے بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پنجاب کنگز نے ممبئی انڈینز کے خلاف 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کر دیا ہے۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پنجاب کنگز کا آغاز اچھا رہا۔ پرینش آریہ (22) اور پربھسمرن سنگھ نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے۔ دیپک چہر نے پرینش کو آؤٹ کر کے ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی۔پربھسمرن سنگھ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 32 گیندوں پر 57 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے کوپر کونلی (21) کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت قائم کی۔
شاردول ٹھاکر نے ایک ہی اوور میں پربھسمرن سنگھ اور کپتان شریس ایئر (4) کو آؤٹ کر کے پنجاب کی کمر توڑ دی۔ اس کے بعد سوریاںش شیڈگے (8) اور ششانک سنگھ (2) بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ جب ایسا لگ رہا تھا کہ پنجاب کی ٹیم کم اسکور پر ڈھیر ہو جائے گی، عظمت اللہ نے 17 گیندوں پر 38 رنز (2 چوکے، 4 چھکے) کی طوفانی اننگز کھیل کر رن ریٹ بڑھایا۔ آخری لمحات میں زیویئر بارٹلیٹ نے 7 گیندوں پر 18 رنز اور وشنو ونود نے 8 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پنجاب کو 200 کے مجموعے تک پہنچایا۔